خیبرپختونخوا کے میٹرک امتحانات کا رزلٹ آگیا سرکاری اسکولوں کے 80 فیصد طلبہ فیل ہوگئے، جس پر محکمہ تعلیم نے مذکورہ اسکولوں کے اساتذہ کے خلاف کارروائی شروع کر دی اور اساتذہ کو ڈی موٹ کرنے کے لیے سفارشات تیار کر دیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 736 سرکاری اسکولوں کے 80 فیصد طلبہ فیل ہوگئے ہیں، جبکہ 82 سرکاری اسکولوں میں ایک بھی طالب علم میٹرک کے امتحان میں پاس نہیں ہوا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 24 سرکاری اسکولوں میں 98 فیصد اور 34 اسکولوں میں 97 فیصد طلبہ فیل ہوئے ہیں، میٹرک کے نتائج میں 21 اسکولوں کے 96 فیصد اور 38 اسکولوں کے95 فیصد طلبہ فیل ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خراب نتائج دینے والے اسکولوں میں قبائلی اضلاع کے تعلیمی ادارے سرفہرست ہیں۔ محکمہ تعلیم نے مذکورہ اسکولوں کے اساتذہ کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔ ٹیچنگ الاؤنس کٹوتی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے خراب نتائج دینے والے اسکولوں کے اساتذہ کو ڈی موٹ کرنے کے لیے بھی سفارشات تیار کر دی ہیں۔