بے بنیاد پراپیگنڈہ مہم قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، فرح گوگی کیخلاف خبروں پر پی ٹی آئی کا ردعمل

جمعرات 9 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فرح شہزادی عرف فرح گوگی کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں شائع خبروں پر اپنے ردعمل میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ریاست کی جھوٹی، بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈہ مہم کو خفت مٹانے اور قوم کو گمراہ کرنے کی مایوس کن کوشش ہے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے باوجود مطلوبہ نتائج کے حصول میں ناکامی غیرآئینی، غیرقانونی، غیرجمہوری اور غیرسیاسی ریاستی عناصر کے لیے مسلسل ہزیمت کی وجہ بن رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ خفّت اور شرمندگی مٹانے کے لیے یہ ریاستی عناصر کبھی جھوٹے پرچوں اور کبھی جھوٹے پراپیگنڈے کا سہارا لیکر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مذموم سیاسی عزائم کے خاک میں مل جانے کے بعد ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعتوں سے وابستہ کردار قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے نکلے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق فرضی کہانیوں اور بیہودہ سازشی نظریات کے بَل پر ملک کے صادق و امین قائد کو طرح طرح کے مقدمات میں پھانسنے کے لیے کی جانے والی مایوس کن کوششیں ناکامی اور مزید مایوسی کا سبب بنیں گی۔  جو کام دو سو کے قریب لغو اور جھوٹے مقدمات نہ کرسکے وہ کرپشن کے فرضی قصّے اور کہانیوں سے بھی نہیں ہوسکے گا۔

ترجمان کے مطابق 100 فیصد تابعدار میڈیا پر قوم کا قیمتی پیسہ ضائع کرکے بدذوق افسانے تراشنے کی بجائے اگر کسی کا کوئی جرم ہے تو اسے عدالت میں ثابت کیا جائے۔ شکست خوردہ ریاستی مشینری سازشوں کی بجائے قانون کا احترام کرے اور انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کا مجرمانہ ایجنڈا ترک کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp