’اچھا صلہ دیا تو نے ہمارے پیار کا‘: سوشل میڈیا صارفین کی افغان کھلاڑی رحمان اللہ گرباز پر سخت تنقید

جمعہ 10 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کا 42 واں میچ آج جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کی سپر فور مرحلے تک رسائی کے لیے انتہائی اہم ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 39ویں میچ میں گلین میکسویل نے ناقابلِ شکست ڈبل سنچری بنا کر افغانستان کے منہ سے جیت چھین لی تھی اور سیمی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا تھا، جبکہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو شکست دے کرپاکستان کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔

پاکستان کی شکست اور سیمی فائنل سے تقریباً باہر ہونے کے بعد افغان کھلاڑی اس پر خوشی منا رہے ہیں۔ افغان فاسٹ بولر نوین الحق نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں لکھا کہ فٹ ورک، نو فٹ ورک لیکن پروگرام ابھی سے وڑ گیا؟

نوین الحق کی اس پوسٹ کو افغان اوپننگ بیٹر رحمان اللہ گرباز نے اپنے انسٹا گرام پر شیئر کیا جن کوپاکستان کے کپتان بابراعظم نے شاندار کارکردگی پر اپنا بیٹ رحمان اللہ گرباز کو تحفے میں دیا تھا۔ جس پر انہوں نے بابر اعظم کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

سپورٹس جرنلسٹ فرید خان نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھا صلہ دیا تو نے ہمارے پیار کا‘۔

 بابر اعظم کی جانب سے بیٹ تحفے میں دینے پر رحمان اللہ گر باز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ زبردست کھلاڑی اور شخصیت کی جانب سے یہ بہترین تحفہ ہے، بابر اعظم ایک شائستہ شخصیت کے مالک ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لکھا تھا کہ آپ مضبوط رہیں اور چمکتے رہیں۔

واضح رہے کہ  افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی تھی، افغانستان نے 283 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرلیا تھا۔ جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں افغانستان کو شکست ہوئی تھی۔ میکسویل نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 201 رنز بنائے اور افغانستان کی جیت کا خواب چکنا چور کر دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp