پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 6 ماہ سے کم زیرِاستعمال موبائل سم کی واپسی پر چارجز لاگو کردیے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر/ گلگت بلتستان میں 6 ماہ سے کم مدت سے زیر استعمال موبائل سموں کی واپسی پر موبائل فون آپریٹرز یکم جنوری 2024 سے 200 روپے تک چارجز لاگو کرنے کے مجاز ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق اس حوالے سے صارفین رجسٹرڈ سموں کا اسٹیٹس/ https://cnic.sims.pk پر یا اپنا شناختی کارڈ نمبر (بغیر ڈیشز) کے ساتھ 668 پر ایس ایم ایس بھیج کر (چارجز لاگو ہوں گے) معلوم کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں اتھارٹی نے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ وہ 31 دسمبر 2023 تک اپنی غیر ضروری موبائل سمیں بلا معاوضہ واپس کر سکتے ہیں تاکہ سم کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ صارف کی معلومات یا رضامندی کے بغیر غیر قانونی سم کے اجرا کی صورت میں سم کو ایک بار بلامعاوضہ ختم کرنے کی اجازت ہو گی۔
مزید برآں ان تمام تر کاوشوں کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) تمام ٹیلی کام صارفین کے لیے بلا تعطل معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے قومی سلامتی و تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔