کرکٹ ورلڈ کپ: شاہین ’معجزے‘ کی امید لیے آج انگلینڈ پر جھپٹیں گے

ہفتہ 11 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ اپنے اختتام کے بالکل قریب پہنچ چکا ہے۔ میگا ایونٹ کے 42 میچز مکمل ہوچکے ہیں اور مزید 02 میچز آج کھیلے جائیں گے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 05 وکٹوں سے شکست دیکر کر بھارت سے واپسی کا ٹکٹ تھما دیا۔

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم نے رواں ورلڈ کپ میں سب سے مایوس کُن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اپنی وطن واپسی کے لیے آج کے میچ میں بس رسمی کاروائی پوری کرے گی۔ دوسری جانب قومی ٹیم کی کارکردگی بھی لائقِ تحسین نہیں ہے۔ آج کے میچ میں کھلاڑی معجزے کی امید لیے میدان میں اتریں گے اور اگر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا تو معجزے کی امیدیں بھی دم توڑ دیں گی جبکہ گرین شرٹس کے ٹاس جیت جانے کی صورت میں پاکستانی شائقین آج جائے نماز پر بیٹھ جائیں گے اور معجزے کے لیے دعائیں کریں گے کیونکہ قومی ٹیم کے لیے سپر فور مرحلے میں رسائی کا کھیل اب اگر مگر سےنکل کر ’ناممکن‘ کی طرف بڑھ چکا ہے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 44 ویں میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج کولکتہ  کے ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دن 01:30 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے لیے رواں ورلڈ کپ کے گروپ اسٹیج کا یہ آخری میچ ہو گا۔

ورلڈ کپ میں اب تک کا سفر

رواں ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم نے انتہائی مایوس کُن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک 08 میچز میں سے صرف 02 میچز جبکہ گرین شرٹس نے 08 میں سے 04 میچز جیتے ہیں۔

ہیڈ ٹو ہیڈ میچز کا ریکارڈ

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 91 ایک روزہ میچز کھیلے جاچکے ہے جن میں انگلینڈ نے  56 اور پاکستان نے32 میچز جیتے ہیں جبکہ 03 میچز بغیر نتیجہ رہے۔

پچ رپورٹ

ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم، کولکتہ کی پچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی۔ اس گراؤنڈ پر کھیلے آخری 10 ایک روزہ میچز میں پہلے بیٹنگ کرنے وای ٹیموں کا اوسط اسکور 286 رنز ہے اور پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کی جیت کی اوسط بھی 80 فیصد ہے۔

موسم کی صورتحال

کولکتہ میں آج میچ کے دوران درجہ حرارت 31.15 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 31 فیصد ہوگا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔

پوائنٹس ٹیبل کی تازہ ترین صورتحال

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 42 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی ٹیم 08 پوائنٹس کے ساتھ 05ویں جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 02 پوائنٹس کے ساتھ 07 ویں پوزیشن پر ہے۔

آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں 42 میچز مکمل ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال

پاکستان کا اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد وسیم

انگلینڈ کا اسکواڈ

جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، گس اٹکنسن، جونی بیرسٹو، سیم کرن، لیام لیونگسٹون، ڈیوڈ مالان، عادل رشید، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس، ریس ٹوپلی، ڈیوڈ ولی، مارک ووڈ، کرس ووکس۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp