’ اغوا برائے بیان‘ کا سلسلہ بند کیا جائے، پی ٹی آئی کور کمیٹی

جمعہ 10 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابات کی تاریخ کے تعیّن کے بعد پارٹی کے خلاف مبینہ ریاستی انتقام میں شدت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اغوا برائے بیان‘ سلسلہ و دیگر انتقامی کارروائیاں ہنوز جاری ہیں جنہیں فوری بند کیا جائے۔

اپنے ایک اجلاس کے اعلامیے میں پی ٹی آئی کی کورکمیٹی نے کہا کہ انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی حربوں میں تیزی اگئی ہے اور سیاسی جماعتوں کے لیے انتخابی عمل میں حصہ لینے کے ماحول اور مواقع (لیول پلیئنگ فیلڈ) میں شدید نوعیّت کا بگاڑ پیدا ہوچکا ہے۔

کور کمیٹی کا کہا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان اور قائدین کی رہائش گاہوں پر غیرقانونی و غیرآئینی چھاپوں، ماورائے قانون گرفتاریوں، انہیں ہراساں کرنے یا جبری طور پر لاپتہ کرنے کا شرمناک سلسلہ بھی جاری ہے جسے بلاتاخیر روکا جائے۔

پارٹی کور کمیٹی نے کہا کہ دستور الیکشن کمیشن کو آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا پابند بناتا ہے اور نگران حکومتوں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ذمہ داری سونپتا ہے لیکن انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے باوجود ریاستی اداروں کی جانب سے پی ٹی آئی کے قائدین کے ’اغوا برائے بیان‘ کا سلسلہ جاری ہے۔

’علی نواز اعوان و دیگر کو فوری رہا کیا جائے‘

کور کمیٹی نے کہا کہ مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری علی نواز اعوان کی جبری گمشدگی پر الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی بلاقانونیّت کی بدترین مثال اور ہر لحاظ سے شرمناک ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگران حکومت اپنا آئینی فرض نبھانے میں کلیتاً ناکام اور دستور سے انحراف کے ریاستی ایجنڈے میں کلیدی سہولتکار ہیں۔

پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے حسّاس ترین فرائض کا احساس کریں اور جمہوریت کے خلاف سازشوں کا حصہ بننے کی بجائے اس کے بقا و تحفظ کا فریضہ سرانجام دیں۔

کور کمیٹی نے علی نواز اعوان سمیت تمام اغوا کنندگان کو بازیاب اور زیرحراست افراد کو فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ کور کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر خفیہ انداز میں یا جیل میں ٹرائل چلانے کی کوئی آئینی یا قانونی جواز نہیں لہٰذا ان کے خلاف مقدمات کی کھلی عدالت میں قومی و غیرملکی ذرائع ابلاغ کی موجودگی میں ٹرائل چلایا جائے۔

’سائفر ٹرائل معمول کی عدالت منتقل کیا جائے‘

کمیٹی نے کہا کہ ٹرائل کو کسی بھی انداز میں خفیہ رکھنے یا اسے شفافیّت کے تقاضوں کے برعکس چلانے کی کسی کوشش کو قبول نہیں کریں گے، سائفر ٹرائل کو معمول کی عدالت میں منتقل کیا جائے اور ملکی و غیرملکی میڈیا کی موجودگی میں شفاف انداز میں ٹرائل کا عمل مکمل کیا جائے۔

’پی ٹی آئی کی خواتین انتخابات میں غیرمعمولی کردار ادا کریں گی‘

کورکمیٹی کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں خصوصاً نظام انصاف ہماری بہادر خواتین کے بنیادی دستوری حقوق کے تحفّظ میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات کے دوران بھی ہماری خواتین غیرمعمولی کردار ادا کریں گی اور ملک میں جاری لاقانونیت کے سلسلے کو شکست دے کر آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے ایک نئے دور کا خیر مقدم کریں گی۔

پارٹی کور کمیٹی نے کہا کہ خواتین شہریوں کے بنیادی دستوری حقوق غصب کرنے اور انہیں انصاف سے محروم کرنے والوں کا کڑا محاسبہ عدالتِ عظمیٰ کی ذمہ داری ہے۔

’غزہ میں قانون و انسانیت کا قتل عام عالم اسلام کی ناکامی کا ثبوت ہے‘

مظلوم اہلِ فلسطین کے خلاف اسرائیلی وحشت و بربریت کی جاری مہم کی مذمت کرتے ہوئے کور کمیٹی نے بےگناہ انسانوں کی قتل و غارت گری کا سلسلہ بند کروانے کے لیے عالمی برادری کے ناگزیر کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں عالمی قانون اور انسانی اقدار کے قتلِ عام کا جاری سلسلہ اہل عالم کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کور کمیٹی نے کہا کہ اس سے قبل کہ غزہ انسانیت کے قبرستان میں بدل جائے اہلِ عالم خصوصاً اقوامِ متحدہ عالمی دہشت گرد ریاست اسرائیل کو لگام ڈالنے کے لیے اقدام کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp