امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ بدھ کو امریکا میں ملاقات کریں گے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ملاقات دونوں رہنماؤں کی ایک سال کے دوران ہونے والی پہلی ملاقات ہوگی جس میں تجارت، تائیوان اور دوطرفہ کشیدہ تعلقات پر بات چیت شامل ہوگی۔
چین کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو کہا کہ شی جن پنگ منگل سے 17 نومبر تک امریکا کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ سان فرانسسکو میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور بائیڈن کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔
بائیڈن انتظامیہ کے حکام کے مطابق دونوں صدور سان فرانسسکو بے ایریا میں ملاقات کریں گے۔ ہفتے کے روز شروع ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران ہزاروں مظاہرین کے سان فرانسسکو آنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں رہنما ’رابطہ برقرار رکھنے کی مسلسل اہمیت‘ پر تبادلہ خیال کریں گے اور یہ کہ دونوں ملک ذمہ داری کے ساتھ اپنے اپنے مفاد کے لیے اور عالمی برادری کو متاثر کیے بغیر کس طرح ایک دوسرے کا مقابلہ اور مل کر کام کرسکتے ہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ اس ملاقات سے بڑے اعلانات کی توقع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بالی میں جی 20 سربراہی اجلاس کے بعد سے شی اور بائیڈن کی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔
حال ہی میں امریکی وزیر خزانہ جینٹ ییلن اور چین کے نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ نے جمعرات کو سان فرانسسکو میں ملاقات کی، جو حالیہ مہینوں میں تناؤ کو کم کرنے کے مقصد سے دونوں ممالک کے درمیان تازہ ترین رابطہ ہے۔
امریکی وزیر تجارت جینا ریمونڈو، وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر خزانہ جینٹ ییلن رواں برس چین کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان وزراء کے دوروں کا مقصد امریکا کی فضا سے گزرنے والے چینی نگرانی کے غبارے کو مار گرانے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کوکم کرنا تھا۔