چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فیملی فرینڈ فرحت شہزادی عرف فرح خان کی جانب سے ن لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کو 5 ارب روپے کا لیگل نوٹس بھجوا دیا گیا۔
نوٹس کے متن کے مطابق عطا تارڑ نے اپنی ایک پریس کانفرنس کے دوران مبینہ طور پر فرحت شہزادی پر من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگائے۔
متن میں کہا گیا کہ فرحت شہزادی اپنے ٹیکس گوشواروں میں تمام اثاثے ظاہر کر چکی ہیں۔ غلط، بے بنیاد اور جھوٹی خبریں پھیلانے پر فوجداری اور دیوانی کے مقدمات دائر کیا جائیں گے۔
نوٹس کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ عطا تارڑ 7 یوم میں معافی مانگیں وگرنہ ہتک عزت اور 5 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطااللہ تارڑ نے اپنی پریس کانفرنس میں فرحت شہزادی پر پی ٹی آئی دور حکومت میں ناجائز ذرائع سے اربوں روپے کمانے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فرحت شہزادی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ مانیکا کی فرنٹ وومن تھیں اور پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوتے دیکھ کر انہیں اور ان کے خاوند کو ملک سے فرار کروادیا گیا تھا۔
عطا تارڑ نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ فرحت شہزادی کے پہلے 95 کروڑ روپے کے ظاہری اثاثے تھے جو 4 ارب 52 کروڑ ہوگئے تھے جبکہ ان کے غیر ظاہری اثاثوں میں 15300 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔