قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کے لیے کچھ معمولی چیلنجز کا سامنا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق قطر کے وزیراعظم نے اتوار کو یورپی یونین کے امور خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزیف بوریل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔
مزید پڑھیں
قطری وزیراعظم نے کہاکہ اب جو چیلنجز باقی رہ گئے ہیں وہ بہت معمولی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیل اور حماس کے ساتھ ہماری بات چیت ہو رہی ہے، چند روز کے دوران اچھی پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے۔
قطری وزیراعظم نے کہاکہ مجھے اعتماد ہے کہ ہم معاہدہ طے پانے کے قریب پہنچ چکے ہیں، معاہدہ طے پانے کے بعد لوگوں کو بحفاظت اپنے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔
قطر کے وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں اسرائیل، امریکا اور حماس کے درمیان 5 روزہ جنگ بندی کا عارضی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
تاہم اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی حکام نے ایسا کوئی بھی معاہدہ طے پانے کی تردید کی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے بارے میں سامنے آنے والی بہت سی اطلاعات غلط ہیں۔
U.S. officials denied a report that a deal was reached between Hamas and Israel for the release of an unknown number of hostages held in Gaza — but said efforts to reach such an agreement are ongoing.https://t.co/agHI4tIOLT
— New York Daily News (@NYDailyNews) November 19, 2023
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کوشش کر رہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدہ طے پا جائے۔ جنگ بندی کے حوالے سے اطلاعات درست نہیں۔
واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا کہ آئندہ چند روز میں یرغمالیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے حملے کے دوران تقریباً 240 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اب تک 12 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 25 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔