وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 4525 ارب روپے مالیت کے 90 کروڑ 5 لاکھ نوٹ زیر گردش ہیں۔
پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی 5 ہزار روپے کے نوٹ سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ 5 ہزار کے نوٹ پہلی مرتبہ 27 مئی 2006 کو جاری ہوئے تھے اور اب ملک میں 90 کروڑ 5 لاکھ نوٹ زیر گردش ہیں جن کی مالیت 4525 ارب روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک جو بھی کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے یا پھر ختم کرتا ہے وہ باقاعدہ قانون کے مطابق کیا جاتا ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں اسٹیٹ بینک ایکٹ میں ترمیم کر کے اسٹیٹ بینک کو کچھ زیادہ ہی آزاد کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بنیادی اقتصادی پالیسی کا معاملہ ہے اور مختصر مدت کے لئے آنے والی نگران حکومت کی بجائے آئندہ آنے والی پارلیمان اسٹیٹ بینک کی آزادی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے تو مناسب ہو گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر یہ معاملہ زیر بحث لایا جائے تو وزیر خزانہ اس کا جواب دیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم وہ مناظر نہیں دیکھنا چاہتے جو ہمارے پڑوسی ملک میں ڈی موناٹائزیشن کے وقت نظر آئے تھے۔
قبل ازیں تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ملک میں 5 ہزار روپے کا نوٹ افراط زر اور بدعنوانی کا باعث ہے جسے ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جانے چاہییں۔
سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ 5 ہزار روپے کے نوٹ جمع کرانے والوں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جانا چاہیے۔