عرب میڈیا کے مطابق حماس آج فلسطینی قیدیوں کے بدلے اسرائیلی یرغمالیوں کے تیسرے گروپ کو رہا کرے گا، گزشتہ روز حماس نے 13 اسرائیلی قیدیوں اور 4 تھائی شہریوں کو رہا کیا تھا، جبکہ اسرائیل نے بدلے میں 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔ اسرائیلی حکام نے حماس کی طرف سے آج رہا کیے جانے والوں کی فہرست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی حکام فہرست کی جانچ کر رہے ہیں۔
اسرائیل حماس عارضی جنگ بندی کے دوران اب تک کیا ہوا؟
اسرائیل حماس معاہدے میں اب تک اسرائیل نے 78 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے، جن میں سے 39 جمعہ کو رہا کیے گئے تھے اور 39 کو ہفتے کے روز رہا کیا گیا تھا، عارضی جنگ بندی معاہدے کے تحت مزید قیدیوں کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔ لیکن اس دوران اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے پر روزانہ کی بنیاد پر چھاپوں میں مزید فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
ہفتے کے روز فلسطینی حکام نے بتایا کہ قیدیوں کی پہلی رہائی کے بعد مغربی کنارے میں مزید 17 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد بھی 8 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی حراست میں ہیں جن میں 2 ہزار 200 سے زائد انتظامی حراست میں ہیں جنہیں بغیر کسی الزام یا مقدمے کے رکھا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہفتے کے روز غرب اردن میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ان میں سے چار جنین میں، ایک مغربی کنارے کے شمال میں واقع قصبے قباطیہ میں اور ایک فلسطینی جنوبی علاقے البیرہ میں مارا گیا۔
وزارت صحت نے ہفتے کی صبح اطلاع دی کہ پچیس سالہ ڈاکٹر شامخ کمال ابو الرب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے قباطیہ قصبے میں شہید ہوگئے۔ وزیر صحت می الکیلا نے بتایا کہ فائرنگ میں ابو الرب کا ایک بھائی بھی زخمی ہوا ہے۔ جنین میں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ شہرمیں گھسنے کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی مارے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
حال ہی میں اقوام متحدہ کے مطابق مغربی کنارے میں تقریباً 20 سالوں میں سب سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی کارروائی کا مشاہدہ کیا گیا جس میں 14 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے ہفتے کی شام جنین شہر پر ایک فوجی بلڈوزر کے ساتھ دھاوا بول دیا۔ اس کے ماہر نشانچی عمارتوں کی چھتوں اور جینن کیمپ کے مضافات میں تعینات کیے گئے جس کے بعد انہوں نے فلسطینیوں پر حملے کیے۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کی فائرنگ سے 230 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 2ہزار 950 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
حماس نے 13 اسرائیلی، 4 تھائی شہریوں کو رہا کردیا
غزہ میں عارضی جنگ بندی کے دوسرے روز حماس نے 13 اسرائیلی اور 4 تھائی شہریوں کو رہا کردیا، رہا کیے گئے اسرائیلیوں میں 5 خواتین اور 8 بچے شامل ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیل نے بھی 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا، فلسطینی قیدیوں میں 33 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔ قطر کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کی راہ میں حائل رکاوٹیں قطر اور مصر کے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے دور ہوگئیں جس کی حماس نے بھی تصدیق کی تھی۔
اس سے پہلے حماس نے اسرائیل پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا کر یرغمالیوں کی رہائی روک دی تھی۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا، معاہدے کے تحت اسرائیل کو شمالی غزہ میں امدادی ٹرکوں کی رسائی دینی ہوگی۔