لوئر چترال پولیس نے نوجوان لڑکے کی خودکشی کے کیس میں مقدمہ درج کرکے پڑوس میں رہنے والی ایک لیڈی ڈاکٹرکو گرفتار کر لیا۔
چترال پولیس کے مطابق بدھ کے روز لوئر چترال کے نواحی علاقے میں ایک نوجوان نے دریائے چترال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والا نوجوان فرسٹ ایئر کا طالب علم تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کے والد نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ ان کے بیٹے پر شدید ذہنی دباؤ ڈالا گیا جس کے باعث اس نے خودکشی کر لی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کے والد نے ایک خاتون ڈاکٹر کے خلاف شکایت کی جس پر پولیس نے خاتون کے خلاف پی پی سی 322 کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
مقتول کے والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں موقف اپنایا کہ خاتون ڈاکٹر ان کی پڑوسی ہیں اور وقوعہ سے ایک دن قبل ان کے بیٹے کو اپنے گھر بلا کر ان پر دباؤ ڈالا جس سے وہ شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے نے خاتون کی جانب سے ذہنی دباؤ کے باعث انتہائی قدم اٹھا لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لڑکے پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا تھا جبکہ اس کے گھر والے اس کے خلاف تھے۔ پولیس کا موقف ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آجائیں گے۔