ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے پشاور میں سرنج بنانے والی میسرز تاج کمپنی کے گودام پر چھاپہ مار کر ممنوعہ روایتی سرنجوں کی بھاری مقدار برآمد کرلی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ عاصم رؤف نے کہا ہے کہ وزیر صحت ندیم جان کی ہدایت پر ممنوعہ سرنجوں کیخلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔ میسرز تاج کمپنی ممنوعہ سرنجیں بنارہی تھی۔
عاصم رؤف کے مطابق چھاپہ مارکیٹ میں ممنوعہ روایتی سرنجوں کی دستیابی کی اطلاع پر مارا گیا۔ ڈریپ مذکورہ کمپنی کو معیاری اور منظور شدہ سرنجیں تیار کرنے کی ہدایت کر چکی ہے۔ ڈریپ کے افسران نے بھاری مقدار میں ممنوعہ سرنجیں قبضے میں لی ہیں۔
مزید پڑھیں
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی ہے۔ ڈریپ ممنوعہ روایتی سرنجوں کی مارکیٹ میں دستیابی کے حوالے سے مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق گھناونے کاروبار میں ملوث افراد کیخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ ملک سے جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔ عوام کی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کو معیاری اور طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔