رمضان میں روز روز ایک جیسے کھانے کھا کر اکثر انسان اکتا جاتا ہے اور پھر کچھ منفرد کھانے کا دل کرتا ہے۔ اسی لیے آج ہم آپ کو ایک منفرد اور مزیدار ڈش بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں جو بہت آسان بھی ہے۔
آج ہم آپ کو بتاتے ہیں چکن اور سفید لوبیا بنانے کی آسان ترکیب، یہ ایک ایسی ڈش ہے جو ناصرف لذیز ہے بلکہ تیاری میں بھی آسان ہے۔
اجزا:
آدھا کلو سفید لوبیا
بون لس چکن آدھا کلو
چھ عدد ہری مرچ باریک کٹی ہوئی
ادرک باریک کٹی ہوئی
لہسن ایک کھانے کا چمچہ
ہلدی آدھا کھانے کا چمچہ
پیسہ ہوا زیرہ ایک کھانے کا چمچہ
پیسہ ہوا دھنیا آدھا کھانے کا چمچہ
کوٹی ہوئی لال مرچ دو کھانے کے چمچے
چاٹ مصالحہ ایک کھانے کا چمچہ
مکھن دو کھانے کے چمچے
تیل ایک کھانے کا چمچہ
ایک پیاز، ہرا دھنیا، پودینہ اور ایک عدد لیموں
نمک حسب ذائقہ
ترکیب:
سب سے پہلے لوبیے کو ایک رات پہلے پانی میں بھگو دیں۔ دوسرے دن اسے ابال لیں۔ اب مصالحہ بنانا شروع کریں۔ سب سے پہلے کڑاہی میں تیل ڈالیں، اب اس میں لہسن ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ اس کے بعد تیل میں زیرہ، ہلدی، کوٹی مرچیں،دھنیا، نمک اور ہری مرچیں ڈال کر بھول لیں۔ جب مصالحہ بھن جائے تو اس میں چکن ڈالیں اور پانی ڈال کر گلنے دیں۔
جب چکن گل جائے تو اس میں لوبیا شامل کریں اور ایک کپ پانی ڈالیں۔ اب تمام اجزا کو اچھی طرح بھون لیں۔ جب چکن اور لوبیے بھن جائیں تو اس کے اوپر ہرا دھنیا، بودینہ، لیموں، ہری مرچیں اور مکھن ڈال کر پانچ منٹ کے لیے اسٹیم دیں۔
لیجئے گرما گرم اور مزیدار چکن لوبیا تیار ہے، اس پر ہلکی فرائی کی ہوئی پیاز ڈال کر پیش کریں