سینیٹر شیری رحمان نے فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہی ہے تو دوسری طرف فلسطین میں نسل کشی جاری ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں 7 ہزار 870 بچوں اور 6 ہزار 121 عورتوں سمیت 17 ہزار 700 لوگوں کو قتل کیا گیا ہے، 50 ہزار کے قریب لوگ زخمی ہیں، جبکہ غزہ کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مطابق ہزاروں بے گھر لوگوں کو اب تک کوئی پناہ گاہ نہیں ملی، ان تمام حقائق کے باوجود کیا عالمی دنیا آج انسانی حقوق کا دن منائے گی؟
ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن سیاہ دن بن چکا ہے، جس طرح فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کی گئی ہے اس کے بعد تو اس سال انسانی حقوق کا سیاہ دن منانا چاہیے۔
شیری رحمان نے کہا کہ سکیورٹی کونسل اور عالمی دنیا اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی روک تھام میں ناکام رہی ہے، آج عالمی ممالک اپنے شہریوں کے حقوق کی بات کرتے وقت فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ایک نظر ضرور ڈالیں۔