ہنزہ میں لکڑی کا کارخانہ جہاں کارپینٹرز صرف خواتین ہیں 

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کی خواتین کی صلاحیتوں کے چرچے پوری دنیا میں ہیں۔ یہ خواتین وہ سارے کام کرتی ہیں جو عام طور پر مردوں سے متعلق سمجھے جاتے ہیں۔ کئی دہائیوں سے اس خطے کی خواتین میڈیکل، انجینئرنگ، بینکنگ اور تعلیم جیسے شعبہ جات میں اپنا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ سلائی کڑھائی اور کھیتی باڑی میں بھی بھرپور حصہ لیتی رہی ہیں۔

تاہم اس خطے کے خوبصورت ترین علاقے، ہنزہ کی خواتین نے غیر روایتی پیشے اپنانے میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 20 سے زائد خواتین پر مشتمل ایک گروپ لکڑی کا کارخانہ چلا رہا ہے جہاں خواتین کو پہلے کارپینٹری کے کام کی تربیت دی جاتی ہے اور پھر وہ مختلف پراجیکٹس لے کر لکڑی کی چیزیں بناتی ہیں۔

یہاں کام کرنے والی ساری خواتین اپنے گھر کا کام کاج بھی کرتی ہیں اور گھر والوں کی کفالت میں اپنے گھر اور والدین کا ہاتھ بھی بٹاتی ہیں۔ اس کارخانے میں ایسی خواتین بھی کام کررہی جن کا کوئی سہارا نہیں۔ سنگل پیرنٹس بھی ہیں جو کارخانے سے ملنے والی اُجرت سے اپنے بچوں کے پیٹ پال رہی ہیں۔

کارپینٹر کے کام کی ٹریننگ حاصل کرنے کے دوران ان خواتین نے معاشرے کے لوگوں کے طعنے بھی برداشت کیے مگر ہمت نہیں ہاری اور اپنے اپ کو منوایا۔ اب لوگ انہی خواتین کی مثالیں دیتے ہیں۔ اب ہر کوئی ان سے کام کروانا چاہتا ہے کیونکہ ان کے کام میں نفاست اور پائیداری بہت ہے۔ کام کے میعار کی وجہ سے نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ اب بین الاقوامی سطح پر بھی ان کے کام کی مانگ بڑھ چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp