پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما راناثنااللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی، 2013 کی طرح اب بھی کچھ قوتیں کہہ رہی ہیں کہ مسائل پر قابو نہیں پایا جا سکتا مگر نوازشریف کا ماضی گواہ ہے کہ ان کے ہر دور میں ملک نے ترقی کی۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہاکہ 2012 میں بڑے سرمایہ کار پاکستان آنے کے لیے تیار نہیں تھے، پھر 2013 کے انتخابات میں ن لیگ کی حکومت بنی تو ہم نے ڈیلیور کر کے دکھایا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے دور میں ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا۔
راناثنااللہ نے کہاکہ 2017 میں ملک ترقی کر رہا تھا، ڈالر 108 اور پیٹرول 65 روپے لیٹر تھا، دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان نے اپنے مسائل پر قابو پا لیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ 2018 میں ہمارے لیے مشکل ترین حالات تھے۔ ہم اب بھی اقتدار میں آکر مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔
راناثنااللہ نے کہاکہ نوازشریف پر جب جب عوام نے اعتماد کیا تو اس نے ملک کو خوشحالی دی۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف سی پیک کے ذریعے 40 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ لائے جبکہ ہمیں ایک ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کی منتیں کرنا پڑیں۔
راناثنااللہ نے کہاکہ جب سی پیک آیا تو اس وقت کچھ لوگ دھرنے دے رہے تھے، اور چین کے صدر کا دورہ ان کے دھرنے کی وجہ سے منسوخ ہوا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ 2018 میں جس شخص کو لایا گیا اس نے ملک کا بیڑا غرق کیا، اس آدمی نے ملک میں ’نہیں چھوڑوں گا‘ کی پالیسی چلائی جس سے پاکستان بے حال ہو گیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی بلاشبہ سیاسی جماعت تھی لیکن ان کے لیڈر نے ریڈلائن کراس کرائی۔