پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو اگلے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے خواتین امپائرز کی ضرورت ہے جس کے لیے پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں جنوری اور فروری 2024 میں انڈکشن کورس کرانے کا اعلان کیا ہے ۔
پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ کورس کے ابتدائی 3 دن میں شرکا کو امپائرنگ کے قوانین اور کھیل کے قواعد و ضوابط کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کی جائیں گی، 4 روزہ کورس کے چوتھے اور آخری دن شرکا کا تحریری ٹیسٹ، فٹنس ٹیسٹ اور انٹرویو لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
اس کورس میں دلچسپی رکھنے والی خواتین رواں ماہ کے آخر تک آن لائن رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس کورس کے لیے سابق خواتین کرکٹرز کو ان کے تجربے کی بنیاد پر ترجیح دی جائے گی۔
پی سی بی نے اگلے سال کھلاڑیوں کے لیے متعدد ڈومیسٹک میچز کا بھی اہتمام کیا ہے تاکہ ایک بہتر ٹیم سامنے لائی جا سکے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی نشاندہی بھی کی جا سکے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ جو خواتین امیدوار کامیابی کے ساتھ کورس مکمل کر لیں گی انہیں آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے لیے پی سی بی کے خواتین امپائرز کے پینل میں شامل کیا جائے گا، جس سے وہ ریجن، ڈسٹرکٹ اور کلب لیول کے میچز کی ذمہ داریاں انجام دے سکیں گی۔
پاکستان نے ویمن کرکٹ پر خصوصی توجہ دی ہے جبکہ قومی سطح پر خواتین کھلاڑیوں کی مسلسل حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی فتح کے بعد شہرت اور نئی پہچان حاصل کر رہی ہے۔