سدرہ کی شاندار سینچری کے باوجود قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ نے پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کو سیریز کے پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں 131 رنز سے ہرادیا۔ گو سدرہ امین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے  100 رنز بنائے جو کسی بھی پاکستانی خاتون کرکٹر کی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی سینچری ہے لیکن وہ اور ان کی ساتھی منیبہ علی (44 رنز) اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

اس طرح میزبان ٹیم کو 3 میچوں کی اس سیریز میں ایک میچ کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے  50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 50 ویں اوور کی 5 ویں گیند پر 234 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کوئنز ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے 365 رنز میں بڑا حصہ سوزی بیٹس کا تھا جنہوں نے 108 رنز بنائے جبکہ ان ہی کی طرح شاندار کھیلتے ہوئے برناڈائن بیزوائیڈناؤٹ نے 86 گیندوں پر 86 رنز بنائے جس سے ان کی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں مدد ملی۔

جواب میں پاکستان کی خواتین ٹیم کھیل کے آخری اوور کی 5 ویں گیند پر 234 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سدرہ امین نے شاندار سینچری کی۔ انہوں 105 رنز بنائے جبکہ منیبہ علی نے 44 رنز بنائے لیکن دونوں اچھے کھیل کے باوجود اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے امیلیا کیر نے 3 اور لیا تاہوہو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سوزی بیٹس کو ویمن آف دی میچ قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی ویمز کرکٹ ٹیم نے میزبان نیوزی لینڈ کی خواتین کی ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔

گرین شرٹس نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز کو 7 وکٹوں جبکہ دوسرے میں 10 رنز سے شکست دی تھی تاہم تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کیوی خواتین ٹیم نے پاکستان کی ویمنز ٹیم کو 6رنز سے شکست دی تھی۔

سدرہ امین نیوزی لینڈ کیخلاف سینچری کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون

سدرہ امین نیوزی لینڈ کے خلاف سینچری اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔ انہوں نے منگل کو کوئنزلینڈ میں نیوزی لینڈ ویمن کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سینچری سکور کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔

سدرہ امین

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سدرہ امین نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی تھی، میری یہی کوشش تھی کہ اپنی اننگز کو طویل بناؤں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کی چوتھی سنچری تھی، نیوزی لینڈ کے خلاف سنگ میل حاصل کرنا اعزاز ہے تاہم ٹیم فتح حاصل کرتیں تو زیادہ اچھا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ رنز کروں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیانا اور ندا ڈار کی کمی محسوس ہوئی، ان کی فارم بھی اچھی تھی۔

سدرہ نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو میچ کھیلنے کا موقع ملتا ہے ان کی یہی کوشش ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp