جعلی دستاویز پر پاکستانی شناختی کارڈ بنوانے کی کوشش کرنے والا افغان شہری گرفتار

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخو کے ضلع لوئر چترال میں افغان شہری رحمان اللہ کو جعلی دستاویزات پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

نادرا اور پولیس حکام کے مطابق لوئر چترال کے علاقے دروش میں ایک شخص شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نادرا آفس آیا، نادرا حکام کو اس شخص کے پاس موجود دستاویزات پر شبہ ہوا جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا نے اُس شخص سے مزید ریکارڈ طلب کیا تاہم وہ سوالات کے بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

تفتیش کے دوران افغان شہری نے حکام کو بتایا کہ وہ پاکستانی نہیں بلکہ افغان شہری ہیں اور اس کا نام رحمان اللہ ہے۔ افغان شہری نے بتایا کہ وہ شناختی کارڈ کے حصول کے لیے طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

دوران تفتیش افغان شہری نے مزید بتایا کہ پاکستانی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے اس نے 17 لاکھ روپے پاکستانی سہولت کاروں کو دینے کا وعدہ کیا تھا۔

افغان شہری کی جانب سے اعتراف کے بعد نادرا حکام نے اسے  پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ پولیس نے اس کے 2سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا۔ ان سہولت کاروں میں سے ایک افغان شہری کو اپنا بیٹا قرار دے کر اس کے ساتھ نادرا آفس آیا تھا، سہولت کاروں اور افغان شہری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا مؤقف کیا ہے؟

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران افغان شہری نے جرم کا اعتراف کیا ہے، اس کے قبضے سے افغان دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ گرفتار افغان شہری نے بتایا کہ چترال کے مقامی باشندوں کے ساتھ اس کا رابطہ تھا اور بھاری رقم کی لالچ میں وہ ان کے ساتھ تصدیق دینے کے لیے نادرا آفس گئے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ نادرا حکام نے ملزم کی نشاندہی کی اور پولیس کے حوالے کیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ بڑی تعداد میں افغان شہریوں نے دھوکہ دہی اور جعلی دستاویز پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیے ہیں، جن کے خلاف ایف آئی اے تحقیقات بھی کر رہی ہے۔

نادرا کی جانب سے افغان شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں سہولت کاری پر متعدد  افسران اور اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق افغان شہری پاکستانی شہریوں اور نادرا حکام کی ملی بھگت سے شناختی حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں، ابھی تک سینکڑوں جعلی شناختی کارڈز کو بلاک کیا گیا ہے۔

چند سال پہلے افغان مونالیزا کے نام سے مشہور افغان خاتون کو جعلی دستاویز پر پاکستانی شناختی کارڈ بنانے پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا، بعد ازاں مذکورہ افغان خاتون کو عدالت کے حکم پر ملک بدر کردیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp