پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے عوام کو وٹس ایپ، سوشل میڈیا اور ٹیکسٹ میسیجز کے ذریعے گردش کرنے والے دھوکہ دہی پر مبنی لنکس سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ یہ لنکس پی ٹی اے کے ڈیوائس آئیڈنٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) سے منسلک نہیں ہیں۔
اس گمراہ کن پیغام میں بتایا جاتا ہے کہ صارف کی سم ’مشکوک سرگرمیوں‘ میں ملوث پائی گئی ہے اور صارف کو دیے گئے لنک پر سم کی تعداد چیک کرنی چاہیے۔
مزید پڑھیں
اسی طرح ایک اور پیغام کے ذریعے کہا جا رہا ہےکہ فراہم کردہ لنک پر کلک نہ کر نے کی صورت میں صارف کی فون رجسٹریشن معطل کر دی جائے گی۔ یہ فریب دینے والے ہتھکنڈے لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے بنائے گئے ہیں تاکہ وہ نقصان دہ لنکس پر کلک کریں تاکہ ان کی ذاتی معلومات تک رسائی کی جا سکے۔
عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایسے لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں اورپی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (ٹول فری نمبر55055 -0800 ویب لنک https://complaint.pta.gov.pk/RegisterComplaint.aspx) اور پی ٹی اے سی ایم ایس موبائل ایپ کے ذریعے بلاک کرنے کے لیے ایسے فون نمبرز، لنکس کی اطلاع دیں۔
مزید برآں صارفین اپنی ڈیوائس کا اسٹیٹس چیک کرنے کے لیے صرف پی ٹی اے کی ویب سائٹ https://dirbs.pta.gov.pk ملاحظہ فرمائیں یا اپنی ڈیوائس سے 8484 پر آئی ایم ای آئی ایس ایم ایس کریں۔ یا آفیشل ڈیوائس ویریفیکیشن ایپ کے ذریعے چیک کریں جو گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور دونوں پر دستیاب ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے عوام کو مطلع کیا جا تا ہے کہ ایسی دھوکہ دہی سے نا صرف چوکنا رہیں بلکہ اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صرف آفیشل پلیٹ فارمز کے استعمال کو ترجیح دیں۔