مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی آج 16ویں برسی منائی جارہی ہے، آج کے دن پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔
بینظیر بھٹو کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں 27 دسمبر 2007 کو اس وقت گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا تھا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسہ میں شرکت کے لیے وہاں آئی تھیں۔ اس کے بعد وہاں خود کش دھماکا بھی ہوا تھا۔
بینظیر بھٹو شہید کی 16ویں برسی پر سابق صدر مملکت آصف زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مزید پڑھیں
بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، آصف زرداری
سابق صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے مشن کے مطابق بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سابق صدر مملکت نے کہاکہ ملک سے غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا، اس مشن کی تکمیل پاکستان پیپلزپارٹی کی پہلی ترجیح ہے، بی بی نے زندگی بھر خوف اور دہشت کے خلاف مزاحمت کا پرچم مضبوطی سے تھام کر رکھا۔
انتخابات 8 فروری سے آگے جا سکتے ہیں، وزیراعظم میں بنوں گا یا بلاول یہ وقت بتائے گا، آصف زرداری
انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو شہید نہ آمروں سے ڈریں اور نہ ہی شدت پسندوں سے خوفزدہ ہوئیں، ان کی بہادری پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی میراث ہے۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب یہ ملک بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان بنے گا جس میں مزدور اور کسان خوشحال ہو گا۔
بینظیر بھٹو ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہمیشہ پُرعزم رہیں، بلاول بھٹو
بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نا صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں۔ بی بی شہید کی حب الوطنی، پائیدار جدوجہد اور ثابت قدم قیادت کے نقوش قوم کے دل و دماغ میں ہمیشہ انمٹ رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ میری والدہ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے عظیم مقصد کے لیے ہمیشہ پُرعزم رہیں۔ بینظیر بھٹو پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے ہم آہنگی کی زنجیر تھیں۔ ان کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی۔
اقتدار میں آکر 30 لاکھ گھر بنائیں گے، بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہاکہ بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا۔ شہید محترمہ کے قتل کے ذریعے روشن خیال، اعتدال پسندی اور جمہوری معاشرے کے قیام کی حکمت عملی کو نشانہ بنایا گیا۔
پیپلزپارٹی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہے گی
انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیراعظم قوم کو بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دے کر ملکی دفاع کو مزید مضبوط کیا۔ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت افروز امنگوں اور مشن کا عکس ہوگا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہے گی۔ ہم ان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔