پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے عام انتخابات میں کسی بھی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے لیے بھرپور تیاری ہے اور 8 فروری کو سب کو شکست دوں گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم سیاسی رہنما ہیں اور سیاسی مقابلہ پر یقین رکھتے ہیں، منشور اور وعدے کرنے والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرتے۔
مزید پڑھیں
پرویز خٹک نے کہاکہ جب بھی میدان میں آتا ہوں جیت کر جاتا ہوں، 8 فروری کو سب کو شکست دوں گا۔
انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں میرا مقابلہ تحریک انصاف سے ہے، ہمیں کوئی خدشات نہیں انتخابات کے لیے تیاری مکمل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے کہاکہ مجھے وکیل نے کہاکہ تھا کہ بلے کے نشان کے لیے اپلائی کیا ہے تو میں نے کہاکہ اس پر قانونی لڑائی ہوگی اور ہم پرائے جھگڑے میں نہیں پڑنا چاہتے اس لیے درخواست واپس کروا دی۔
پرویز خٹک نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا انتخابی نشان پگڑی ہوگا۔
واضح رہے کہ پرویز خٹک خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں اور عمران خان کے دور حکومت میں وزیر دفاع رہے۔ انہوں نے سانحہ 9 مئی کی بنیاد پر عمران خان سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
پرویز خٹک نے عمران خان سے علیحدگی کے بعد اپنی جماعت بنائی اور اعلان کیا کہ ہم عمران خان کو خیبرپختونخوا میں شکست دیں گے۔
پرویز خٹک نے جب پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی بنیاد رکھی تو کہا گیا تھا یہ جماعت پورے ملک کی سطح پر ہوگی مگر بعد میں کہا گیا کہ ابھی چونکہ وقت کم ہے اس لیے 2024 کے انتخابات میں صرف خیبرپختونخوا کی سطح پر الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔