پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی نے کپتان بابر اعظم کی تعریف ان الفاظ میں کی کہ بابر اعظم جتنا بڑا کھلاڑی ہے، اسے اتنا ہی اچھا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپتان اور سلیکٹرز ایک پیج پر ہیں۔ عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کپتان اور سلیکٹرز اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں، جو کھلاڑی بھی پرفارم کر رہا ہے اگر وہ منتخب نہ ہو تو یہ ناانصافی ہے۔
خیال رہے کہ چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے ، بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے حارث سہیل کی دو سال بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فخر زمان اور حارث رؤف بھی فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
ون ڈے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان آغا، شاہ نواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔