اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذا کون سی خطرناک بیماری کو بڑھنے سے روک سکتی ہے؟

جمعہ 5 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محققین کا کہنا ہے کہ خشک میوہ جات اور مچھلی میں پائے جانے والے اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذا پلمونری فائبروسس کے بڑھنے کی رفتار کو انتہائی کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

پلمونری فائبروسس ایک انتہائی خطرناک، تکلیف دہ مہلک بیماری ہے جس سے پھیپھڑوں کی بافتیں وقت کے ساتھ کمزور، داغ دار اور سخت ہو جاتی ہیں۔

اکثر تمباکو نوشی کی وجہ سے یہ بیماری پھیپھڑوں کے افعال کو متاثر کرتی ہے جس کی وجہ سے مریض سانس لینے میں انتہائی دشواری اور کمزوری محسوس کرتا ہے۔

پلمونری فائبروسس سے متعلق ایک نئی تحقیق سامنے آئی ہے جو یونیورسٹی آف ورجینیا اسکول آف میڈیسن اینڈ یو وی اے ہیلتھ کے پلمونری اور کریٹیکل کیئر ایکسپرٹ ڈاکٹر جان کم کی سربراہی میں مکمل کی گئی ہے۔

ڈاکٹر جان کم کی تحقیقاتی ٹیم نے پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا 300 مریضوں کی صحت کا جائزہ لیا جو سانس کی بیماریوں کی مختلف اقسام میں مبتلا تھے۔ ان بیماریوں میں پلمونری فائبروسس کو بھی شامل کیا گیا۔ ان میں زیادہ تر افراد کو ’آئیڈیوپیتھک‘ پلمونری فائبروسس تھا (مطلب یہ کہ بیماری کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہوتی) اور ان میں زیادہ تر مرد تھے (مرد اس بیماری کا زیادہ شکار ہوتے ہیں)۔

تحقیق کے دوران ہر مریض کی اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی غذائی مقدار کا اندازہ لگانے کے لیے خون کے ٹیسٹ لیے گئے۔ ڈاکٹر جان کم ان کا کہنا تھا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی زیادہ مقدار پلمونری فائبروسس کی شدت کو کم کرنے کے لیے بہتر کلینیکل نتائج پیش کرتی ہے۔

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ان لوگوں کے پیپھڑے زیادہ مضبوط رہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج اور آکسیجن بہتر انداز سے لے رہے تھے جو خوراک میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی زیادہ مقدار لے رہے تھے۔

 تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ وہ پھیپھڑوں کی پیوند کاری کی ضرورت کے بغیر بھی بہتر طور پر زندہ رہ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر جان کم ان کا کہنا تھا کہ اس سے یہ بات تو ثابت ہو گئی کہ دل کے امراض کے لیے اومیگا تھری فیٹی ایسڈز تو بہتر ہو یا نہ ہو، پلمونری فائبروسس کے لیے یہ وٹا من سب سے بہتر نتائج دے سکتا ہے۔’

 ڈاکٹر جان کم کا کہنا کہ ابھی تک یہ واضح تو نہیں ہوا کہ اومیگا-3 پھیپھڑوں کو فائدہ کیسے پہنچا رہا ہے یا کیا یہ زیادہ کھانے سے مریضوں کو مدد ملتی ہے؟۔

 

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اومیگا -3 ایسڈ کو صحت کے لیے بہترین قرار دیا گیا ہے اس سے قبل بھی دیگر مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ فیٹی ایسڈ دل کی بیماری، جسم میں خون کے لوتھڑے بننے سے روکنے اور یہاں تک کہ کینسر سے لڑنے کے لیے بھی بہتر ہو سکتا ہے۔

 ڈاکٹر جان کم نے کہا کہ پلمونری فائبروسس کے بارے میں،  ہمیں اس بات کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آیا یہ مخصوص اومیگا 3 فیٹی ایسڈ ہیں جو فائدہ مند ہوسکتے ہیں اور اگر ایسا ہے تو ان کے جسم میں کام کرنے کا بنیادی میکانزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر دائمی بیماریوں کی طرح ہم اس بات کا تعین کرنے کی بھی امید کرتے ہیں کہ اومیگا 3 فیٹی ایسڈ پلمونری فائبروسس پر مثبت اثرات ڈال سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp