چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے اپنے خلاف غداری کے تازہ ترین مقدمےکیساتھ میں مقدمات کی سنچری کی جانب بڑھ رہا ہوں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کوئٹہ میں درج مقدمے کے رد عمل میں کہا کہ میرےخلاف اب یہ 76واں مقدمہ ہے۔
انہوں نے کہا ڈرٹی ہیری کی جانب سے تشدد پر انحصار اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کا معاملہ اجاگر کرنے کی پاداش میں اپنے خلاف غداری کے تازہ ترین مقدمے کیساتھ میں مقدمات کی سنچری کی جانب بڑھ رہا ہوں۔
میرےخلاف اب یہ 76واں مقدمہ ہے۔ ڈرٹی ہیری کیجانب سے تشدد پر انحصار اور انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیوں کا معاملہ اجاگر کرنے کی پاداش میں اپنے خلاف غداری کےتازہ ترین مقدمےکیساتھ میں مقدمات کی سنچری کی جانب بڑھ رہا ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) March 6, 2023
گزشتہ روز عمران خان کے خلاف کوئٹہ میں بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر درج کیا گیا تھا۔
درخواست گزار کے مطابق عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے۔ عمران خان نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف بلا جواز اشتعال انگیز تقاریر کرکے نفرت پھیلائی۔
کوئٹہ میں درج ہونے والی یہ ایف آئی آر الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف تھانہ ریس کورس میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
عمران خان سمیت 150 افراد کیخلاف مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ اسلام آباد ندیم طاہر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم عمران خان کی گرفتاری کے لیے پہنچے تو ڈنڈا بردار افراد نے گھیراؤ کر لیا اور ہجوم کی جانب سے پولیس کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف 30 سے زائد فوجداری مقدمات درج ہیں۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 8، اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمات 10، الیکشن کمیشن میں جاری مقدمات 11 جبکہ پشاور ہائیکورٹ میں 6 مقدمات زیر التوا ہیں۔
اسی طرح سندھ ہائیکورٹ میں 1مقدمہ چل رہا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 2، بینکنگ کورٹ میں 1، ایف آئی اے کی سپیشل کورٹ میں 2 جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں 1 مقدمہ زیر سماعت ہے۔