2024 انتخابات کا سال، عالمی سیاسی منظر نامہ کیا ہوگا؟

منگل 9 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیا سال 2024 سیاسی طور پر تاریخ کے سب سے زیادہ نتیجہ خیز برسوں میں سے ایک کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس میں 60 سے زیادہ ممالک میں قومی انتخابات دنیا کی نصف آبادی کی نمائندگی کریں گے، اس کا مطلب ہے کہ رواں برس کسی بھی پچھلے برس کے مقابلے زیادہ لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔

آنے والے مہینوں میں جو کچھ ہوتا ہے وہ جمہوریت یا آمریت کی سمت میں طاقت کے عالمی پیمانے پر اپنا جھکاؤ ڈال سکتا ہے، آئیے جائزہ لیتے ہیں کہ رواں برس کے اگلے مہینوں میں 6 سب سے اہم انتخابات اس طویل عرصے سے جاری قضیہ میں کیا کردار ادا کریں گے۔

ریاست ہائے متحدہ امریکا

19ویں صدی کے اواخر میں اور دو عالمی جنگوں کے ذریعے، امریکی خارجہ پالیسی نے تنہائی پسندی سے عالمی نظام کی تشکیل میں ایک فعال شمولیت کی طرف تبدیلی کے ایک عظیم تجربہ سے گزری ہے۔

امریکہ کے سابق اسسٹنٹ سیکریٹری آف ڈیفنس جوزف ایس نائے جونیئر نے وائس آف امریکا کو بتایا کہ ان مسابقتی عالمی نظریات کے درمیان فرق کو سمجھنا ضروری ہے، کیونکہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکہ فرسٹ ایجنڈا تنہائی پسندی کو واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

’یہ تائیوان اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے اور روس-یوکرین اور اسرائیل-حماس جنگوں کے باعث امریکی اتحادیوں کو مایوسی میں ڈال سکتا ہے۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ، جو ممکنہ طور پر ری پبلکن صدر کے لیے نامزد، نے بارہا امریکا کے سب سے اہم فوجی اتحاد نیٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اور اس بارے میں کوئی قطعی مؤقف اختیار نہیں کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہوئے تو وہ حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کی حمایت کیسے کریں گے۔

سابق اسسٹنٹ سیکریٹری آف ڈیفنس جوزف ایس نائے جونیئر کے مطابق روس کے معاملے پر امکان ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر پوٹن کے لیے زیادہ موافق ثابت ہوں گے، اس کا مطلب ہے کہ یوکرین کے لیے حمایت کم کرنے کا دباؤ بہت زیادہ ہوجائے گا۔

دوسری جانب برسراقتدار ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن نے، جن کے بارے میں رائے شماری ٹرمپ کے خلاف ممکنہ طور پر دوبارہ ٹاکرے کے حوالے سے کمزور ہے، کیف اور یروشلم کو فوجی امدادی پیکج بھیجے ہیں، یہاں تک کہ انہیں یوکرین میں محدود پیش رفت اور غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران پر ریپبلکن قانون سازوں اور ترقی پسندوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

دونوں ممکنہ امریکی صدارتی امیدوار دنیا میں امریکا کے مقام کے بارے میں بالکل مختلف نقطہ نظر رکھتے ہیں، اور نومبر میں کون جیتے گا اس بات کا تعین کر سکتا ہے کہ امریکا چین، روس اور دیگر عالمی مخالفین پر کتنا سخت ثابت ہوگا۔

تائیوان

زمینی رقبے کے لحاظ سے یہ چھوٹا ہو سکتا ہے، لیکن تائیوان، چین کے ساحل پر خود مختار جزیرہ، عالمی معیشت پر حد سے زیادہ اثر و رسوخ کا حامل ہے، دنیا کے 70 فیصد سے زائد سیمی کنڈکٹرز اور تقریباً 90 فیصد تمام جدید مائیکرو چپس تائیوان کی کمپنیاں بناتی ہیں، چین سے تائیوان کی آزادی کا غیر حل شدہ سوال، جو اس علاقے پر اپنا حقِ دعویٰ رکھتا ہے، 2024 میں واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تنازعات کا مرکز بھی رہے گا۔

صدر تسائی انگ وین نے، جو اپنی موجودہ مدت کے لیے محدود ہیں اور جنوری میں بیلٹ پیپر پر نہیں ہوں گے، عوام کو خبردار کیا ہے کہ چین ووٹروں کو سرکردہ امیدوار، موجودہ نائب صدر، لائی چنگ-تے سے دور کرنے کے لیے آن لائن غلط معلومات پھیلا رہا ہے۔ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کے ایک معیاری علمبردار ہونے کے ناطے لائی چنگ۔تے نے تائیوان کی خودمختاری پر زور دے کر چین میں غم و غصے کو جنم دیا ہے، تاہم ان کے اصل مخالفین بیجنگ پر نرم رویہ اختیار کر رہے ہیں۔

امریکا تائیوان کے سرفہرست اتحادیوں میں شامل ہے، جیسا کہ چین نے بحیرہ جنوبی چین میں اپنی بحری سرگرمیوں کو بڑھایا ہے، صدر جو بائیڈن نے وعدہ کیا ہے کہ اگر تائیوان پر حملہ کیا گیا تو امریکا اس کا دفاع کرے گا، اسرائیل اور یوکرین کی طرح، ڈونلڈ ٹرمپ تائیوان کے حوالے سے مبہم رہے ہیں۔

بعض تجزیہ کاروں کو خدشہ ہے کہ لائی چنگ-تے کی فتح کی صورت میں چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی جنگ کی شکل اختیار کر سکتی ہے، سٹیمسن سینٹر میں چائنا پروگرام کے ڈائریکٹر یون سن کا کہنا ہے کہ امریکہ لائی چنگ-تے کی حوصلہ شکنی کر رہا ہے کہ وہ حالات کو مزید بگاڑ نہ دے اور چین ممکنہ تنازعہ کے بجائے استحکام کو ترجیح دے رہا ہےکیوں کہ یہ پسماندہ گھریلو معیشت سے متعلق ہے۔

سٹیمسن سینٹر میں چائنا پروگرام کے ڈائریکٹر یون سن کا چینی کمیونسٹ پارٹی کے 2024 کے ایجنڈے کے بارے میں کہنا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے پاس تلنے کے لیے زیادہ اہم مچھلیاں ہیں۔ ’لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ چین اور تائیوان لائی چنگ۔تے کی ممکنہ حکومت کے اگلے 4 سالوں میں خود کو بہتر شرائط پر تلاش کریں گے، جسے سن کے مطابق چین ’ناقابل عمل‘ سمجھتا ہے۔

اپنے نئے سال کی تقریر میں، صدر شی جی پنگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین اور تائیوان بغیر کسی ٹائم ٹیبل کے یقینی طور پر متحد ہوں گے۔ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے پہلے خبردار کیا تھا کہ امریکا انٹیلی جنس کے معاملے کے طور پر آگاہ ہے کہ صدر شی کا مقصد 2027 تک کامیاب حملے کے لیے تیار رہنا ہے۔

روس

تقریباً دو سال قبل یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں، کیف کے اتحادیوں نے روس کو زمین پر سب سے زیادہ پابندیوں میں جکڑا ہوا ملک بنا دیا ہے، جس سے اس کی معیشت میں خلل پڑا ہے اور اسے بیجنگ کے قریب جانا پڑا ہے، جو اب اس کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ بڑھتے ہوئی افراط زر کے باوجود، تجزیہ کاروں کو توقع نہیں ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن 2024 میں اقتدار سے الگ ہو جائیں گے، ان کے سب سے مضبوط سیاسی حریف مشکوک حالات میں جیل، جلاوطن، لاپتہ یا مردہ ہو جائیں گے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی سے وابستہ سوویت تاریخ کے پروفیسر سرگئی ریڈچینکو کا کہنا ہے کہ روس میں انتخابات کو طویل عرصے سے سختی سے کنٹرول کیا گیا ہے، اگر پوٹن مزید 6 سال کے لیے جیت جاتے ہیں تو کریملن یوکرین میں اسی ظالمانہ ایجنڈے اور اندرون ملک بڑھتی ہوئی آمرانہ پالیسیوں پر عمل کرے گا، اس سوال پر کہ یوکرین کے ساتھ جنگ میں پوٹن کو کتنی کامیابی ملے گی تو وائلڈ کارڈ یہ ہے کہ ان کا امریکی ہم منصب کون ہوگا۔

ریڈچینکو کے مطابق دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں صدر جو بائیڈن فوجی ذرائع سے یوکرین میں کسی نہ کسی نوعیت کی فتح تک اپنے پنجے گاڑتے رہیں گے۔ ’اگر ٹرمپ اقتدار میں آتے ہیں، تو دوسری طرف، اصل سوال یہ ہوگا کہ آیا وہ یوکرین کو مؤثر طریقے سے ترک کر دیں گے، جس سے روس کی شرائط پر اس تنازعے کا بہت تیزی سے تصفیہ ہو جائے گا۔‘

جیسا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی میدان جنگ میں یوکرین کی سست پیش رفت سے بے چین ہو رہے ہیں، ریڈچینکو سمجھتے ہیں کہ پیوٹن امریکا کو اس کے مغربی یورپی اتحادیوں کے خلاف استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

امریکی کانگریس نے دسمبر 2023 میں ایک بل منظور کیا تھا جس کے مطابق امریکا کو نیٹو سے نکلنے سے قبل سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی، اس کا مطلب ہے کہ ٹرمپ، اگر وہ دوسری بار جیت جاتے ہیں، تو وہ یکطرفہ طور پر امریکا کو اس یورپی عسکری اتحاد سے نہیں نکال سکیں گے، جیسا کہ وہ پہلے بھی دھمکی دے چکے ہیں۔

تاہم سوویت تاریخ کے پروفیسر سرگئی ریڈچینکو کا کہنا ہے کہ نیٹو کے بارے میں ٹرمپ کے شکوک و شبہات اب بھی مغرب میں افراتفری اور تقسیم کے بیج بو سکتے ہیں جو نتیجتاً پوٹن کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔

یورپی یونین

یورپی یونین جون میں انتخابات کی جانب بڑھ رہی ہے، روس اور چین کے خلاف امیگریشن مخالف پاپولسٹ یورپی پارلیمنٹ کو دائیں طرف دھکیلنے کے لیے تیار ہیں، پارلیمنٹ اگرچہ یورپی یونین میں صرف ایک نگراں کا کردار ادا کرتی ہے۔

یورپی کمیشن، جس کی صدر ارسلا وون ڈیر لیین نے ابھی تک 2024 کے لیے دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان نہیں کیا ہے، اقتدار میں پارلیمنٹ سے زیادہ برتری رکھتا ہے، ارسلا وون ڈیر لیین یوکرین کی حمایت میں پرعزم ہیں اور انہوں نے صدر شی جن پنگ پر چین کے یورپ کے ساتھ حیرت انگیز تجارتی عدم توازن کو دور کرنے کے لیے دباؤ بھی بڑھایا ہے۔

اگر وون ڈیر لیین کو دوبارہ منتخب کیا جاتا ہے، تو وہ تیزی سے پاپولسٹ یورپی یونین میں برابری کی طاقت کے طور پر کام کریں گی، جو روس کے ضمن میں اپنے بیان کردہ ہدف کے ساتھ مختلف رکن ممالک کے متنوع اور اکثر متضاد مفادات کو متوازن کرنے کے لیے کام کرے گی۔

اقدار اور شفافیت کے لیے یورپی یونین کی کمشنر ایوانا کاراسکووا کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک ’چین اور روس کو آمرانہ حکومتوں کی ایک ہی ٹوکری میں ڈالنے‘ کے حوالے سے محتاط ہیں، اس ڈر سے کہ شی جن پنگ کو الگ کرنے سے یورپی یونین کو ایک اور اقتصادی طور پر تباہ کن تجارتی جنگ کی طرف لے جا سکتا ہے۔

ایوانا کاراسکووا کے مطابق ہم نے وسطی اور مشرقی یورپ میں چین کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اٹھائے اقدامات دیکھے ہیں، وان ڈیر لیین کے ماتحت یورپی یونین چین کو منقطع نہ کرنے کے لیے محتاط رہی ہے، حالانکہ یہ ماسکو کو مغربی پابندیوں سے بچنے میں مدد کرنے پر بیجنگ پر تنقید کرتا رہا ہے۔

’۔۔۔لیکن 2024 کے انتخابات جس بات کا تعین کریں گے وہ یہ ہے کہ وون ڈیر لیین کے یوکرائن نواز ایجنڈے کو دائیں بازو کے یورپی قانون سازوں کے آنے والے اتحاد سے کتنی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا ایسے وقت کہ جب یوکرین نیٹو کا ایک رکن ملک بننے کے قریب ہے۔‘

انڈیا

وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ناقدین کا کہنا ہے کہ ملک کی مذہبی اقلیتوں کو بڑے پیمانے پر ظلم و ستم کا سامنا ہے۔ جیسے جیسے مودی کے ہندو قوم پرست ایجنڈے نے زور پکڑا ہے، سکھ اور مسلمان ہندوستانیوں کے خلاف تشدد روز بروز معمول بنتا جارہا ہے۔

یہ تنقید صرف ہندوستان تک محدود نہیں ہے، وزیر اعظم مودی کی حکومت پر گزشتہ موسم گرما میں ٹورنٹو میں ایک سکھ تارک وطن کو قتل کرنے اور نومبر میں نیویارک شہر میں رہنے والے ایک اور سکھ کارکن کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں ملوث ہونے کا الزام ہے، ان اسکینڈلز نے مغرب کے ساتھ ہندوستان کے سفارتی تعلقات کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

پھر بھی سابق امریکی اسسٹنٹ ڈیفنس سکریٹری جوزف نائے نے پیش گوئی کی ہے کہ نہ تو ہندوستان اور نہ ہی امریکا اپنے تعلقات کو ٹوٹنے دیں گے، جو چیز دونوں ممالک کو متحد کرتی ہے، وہ چین کے عالمی طاقت میں اضافے کے بارے میں مشترکہ خدشات ہیں، دنیا کی سب سے بڑی لبرل جمہوریت کے طور پر، ہندوستان نے خطے میں اپنے آپ کو چین اور شمالی کوریا کا علاقائی متبادل ملک ثابت کیا ہے۔

’مجھے نہیں لگتا کہ امریکی ایسا کچھ کرنے جا رہے ہیں جو ہندوستان کے ساتھ ان کے تعلقات کو غیر مستحکم کرے گا، چاہے امریکی قیادت بائیڈن یا ٹرمپ کریں، دونوں صدور جانتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ قربت رکھنا ایشیا میں جمہوریت کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے بہت ضروری ہے، چاہے مودی کی حکومت کبھی کبھار آمریت کی طرف جھک گئی ہو۔‘

مارننگ کنسلٹ کے مطابق، 77فیصد عوامی تائید کی سند کے ساتھ، اپریل میں ووٹنگ شروع ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی تیسری 5 سالہ مدت حاصل کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، اگر وہ جیت جاتے ہیں، تو مودی سے توقع ہے کہ دو طرفہ تعلقات میں خاطرخواہ اضافہ کریں گے، جو اپنے تقریباً ایک دہائی کے عرصہ تک وزیر اعظم کی حیثیت سے ٹرمپ اور بائیڈن دونوں کے ساتھ پہلے ہی قائم کر چکے ہیں۔

جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ کی حکمراں جماعت 1994 کے بعد سے اپنے سب سے زیادہ متزلزل لمحے میں ہے، جب اس وقت کے نو منتخب صدر نیلسن منڈیلا اور ان کی افریقی نیشنل کانگریس پارٹی (ANC) نے نسل پرستی کے خاتمے اور اکثریتی حکمرانی کے نئے دور کا آغاز کیا تھا، اب  3دہائیوں میں پہلی بار اے این سی کو مقننہ میں اپنی صریح اکثریت کھونے کا خطرہ ہے، اقتدار میں رہنے کے لیے اسے ممکنہ طور پر دوسری جماعتوں کے ساتھ اتحاد بنانے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

جنوبی افریقہ یوں تو افریقہ میں سب سے زیادہ صنعت یافتہ ملک ہونے کا اعزاز حاصل کر سکتا ہے لیکن یہ کسی بھی طرح سے کورونا جیسے وبائی مرض کے بعد کی دنیا کو دوچار کرنے والی معاشی ناہمواریوں سے محفوظ نہیں ہے۔ ملک میں ایک تہائی بے روزگاری کی شرح اور بجلی کی قلت کے ساتھ، خاص طور پر جنوبی افریقی نوجوان ایفریکن نیشنل کانگریس سے منہ موڑ رہے ہیں کیونکہ صدر سیرل رامافوسا نے اپنی پارٹی کی صفوں میں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وعدہ کیا ہے۔

ان تمام تر سیاسی حقیقتوں کے باوجود جنوبی افریقہ کے سیاسی تجزیہ کار ڈینیل سلکے کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت اے این سی اگلے 5 سال تک حاکم رہے گی لیکن اگر ڈیموکریٹک الائنس، جو سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے، کسی نہ کسی طرح فتح حاصل کر لیتی ہے تو جنوبی افریقہ اور مغرب کے درمیان تعلقات میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔

’اے این سی کے برعکس، جس کے طویل عرصے سے روس اور چین کے ساتھ قریبی روابط ہیں، سفید فام قیادت والی ڈی اے ایک وسیع آزادی پسند فلسفے پر بنائی گئی ہے جو امریکہ اور دیگر بڑی مغربی اقوام کی آئینہ دار ہے۔۔۔ اے این سی کا اقتدار میں رہنا چین اور جنوبی افریقہ کے درمیان اور بھی مضبوط رشتہ کا راستہ بنا سکتا ہے۔‘

سیاسی تجزیہ کار ڈینیل سلکے کے مطابق یہ دیکھتے ہوئے کہ ہمیں اپنے سرکاری اداروں کے ساتھ اس طرح کی ناکامی ہوئی ہے، یقیناً چین کے لیے اے این سی حکومت کی مدد کرنے کے زیادہ امکانات ہیں، چاہے وہ توانائی، لاجسٹکس یا ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر میں ہو۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ چین جنوبی افریقہ اور دنیا بھر کے دیگر ترقی پذیر ممالک میں صدر شی جن پنگ کے روڈ اینڈ بیلٹ انیشی ایٹو کے ذریعے ایک بڑا سرمایہ کار بن گیا ہے، یہ ایک دہائی پرانا بین الاقوامی پروگرام ہے جس میں بیجنگ تجارتی معاہدوں، مالیاتی قرضے دینے والے پیکجز اور بنیادی ڈھانچے کی امداد ریاستوں کو، ناقدین کے مطابق غیر ضروری اثر و رسوخ کے بدلے میں پیش کرتا ہے۔ ۔

ڈینیل سلکے کے مطابق اب یقینی طور پر چین کے لیے کمزور جنوبی افریقہ میں سرمایہ کاری کرنے کا ایک بہترین موقع ہوگا، آیا چین جنوبی افریقہ میں اپنے پہلے سے بڑے کردار میں اضافہ کرے گا، یا امریکہ وہاں معاشی قدم جمائے گا، اس بات پر منحصر ہے کہ اگلے سال ہونے والے انتخابات میں عام جنوبی افریقی کیا سوچتے ہیں۔

غلط معلومات کا سال

2024 میں ورلڈ آرڈر ایک طرح سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے اور مصنوعی ذہانت کے بل بوتے پر پیدا کردہ غلط معلومات کا ابھی تک ناقابل حساب خطرہ یقینی طور پر اس کی تشکیل میں کردار ادا کرے گا۔

آن لائن ڈس انفارمیشن اور میڈیا میں ہیرا پھیری کے ایک سرکردہ ماہر، جوآن ڈونووان کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کے ووٹرز کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قبل یقین تصاویر اور آوازوں سے نمٹنا ہوگا، جو چیز اسے خاص طور پر خطرناک بناتی ہے وہ جنگوں اور وبائی امراض سے تباہ حال جغرافیائی سیاسی منظر نامہ ہے۔

جوآن ڈونووان سمجھتی ہیں کہ آبادیوں کے درمیان الجھن پیدا کرنا جب وہ خوفزدہ، بھوکے اور ٹوٹے ہوئے ہوں تو اس کے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اگر وہ آبادی جمہوریت پر اعتماد کھو دیتی ہے۔

دنیا بھر کے ووٹروں کو 2024 میں کن جمہوریت مخالف مداخلت کاروں پر نظر رکھنی چاہیے؟

جب انتخابی مداخلت کی مہم کی بات ہوتی ہے تو روس ’سب سے بڑا مجرم‘ ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے اکتوبر 2023 میں 100 سے زیادہ سفارت خانوں کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک لیکڈ میمو میں خبردار کیا تھا، اس رپورٹ کے مطابق ماسکو انتخابات کو ’غیر فعال اور نتیجے میں آنے والی حکومتوں کو ناجائز‘ قرار دے کر بیرون ملک جمہوریتوں میں عدم استحکام کے بیج بو رہا ہے۔

نومبر 2023 میں شائع ہونے والے مائیکروسافٹ کے تھریٹ اینالائسز سینٹر کی ایک تحقیق میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 2024 میں روس، ایران اور چین کی جانب سے سوشل میڈیا پر بے مثال کارکردگی کے ساتھ غلط معلومات کا پرچار کرنے کے لیے’میمز، جی آئی ایف، پوڈکاسٹ، ویڈیو کلپس اور انفلوئنسرز‘ کا استعمال کرتے ہوئے، امریکا سمیت پوری دنیا کے اہم انتخابات میں مداخلت کے خدشات ہیں۔

’روس، ایران اور چین کے لیے، اگلا امریکی صدر تنازعات کی سمت کا تعین کرے گا، چاہے جنگیں ہوں یا امن غالب ہو، 2024 میں امریکی صدر کے لیے ہونے والی دوڑ پہلی ہو سکتی ہے جہاں متعدد آمرانہ اداکار بیک وقت انتخابی نتائج میں مداخلت اور اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔‘

آن لائن ڈس انفارمیشن پر مہارت رکھنے والی جوآن ڈونووان نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو ان کے حصے کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے، گزشتہ برس ستمبر میں پہلے ٹوئٹر کے نام سے معروف مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس  نے اپنی پوری انتخابی سالمیت کی ٹیم کو فارغ کردیا تھا، جسے پلیٹ فارم پر غیر ملکی اثر و رسوخ کی مہمات کی نگرانی کا کام سونپا گیا تھا۔

یورپی کمیشن نے کچھ روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ غلط معلومات پھیلانے سے متعلق یورپی یونین کے قانون کو توڑنے کے لیے ایکس کیخلاف تحقیقات کررہا ہے، انہوں نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ پلیٹ فارم اپنے مواد کو معتدل کرنے رکھنے کے لیے درکار کام نہیں کر رہا ہے۔

جوآن ڈونووان کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ میٹا نے شہری سالمیت پر پچھلی دہائی میں کی گئی نمایاں بہتری سے پہلو تہی کرتے ہوئے متعدد ریسرچ ٹیموں کو فارغ کر دیا ہے، اندرونی نگرانی دنیا کی سب سے مشہور سوشل میڈیا سائٹس سے آہستہ آہستہ ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے، عالمی جمہوریت کے تحفظ میں تائیوان اور یورپی یونین سے لے کر امریکا اور اس سے آگے قابل اعتماد خبریں پہلے کی طرح اہم ہیں۔

جوآن ڈونووان کے مطابق صحافی غلط معلومات کو ختم کرنے کے فرنٹ لائن پر ہیں، اکثر خود پلیٹ فارمز سے زیادہ تیزی سے کام کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp