پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی نشان کھمبا منتخب کرنے کا مشورہ دے دیا۔
پی ٹی وی پر گفتگو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا یہ چوں کہ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ وہ کسی کھمبے کو بھی انتخابات میں کھڑا کر دے تو وہ بھی جیت جائے گا تو اس لحاظ سے پارٹی کو چاہیے کہ وہ اپنا انتخابی نشان کھمبا رکھ لے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سنہ 2013 میں بھی پی ٹی آئی نے انتخابات کے نتائج کوتسلیم نہیں کیا تھا کیوں کہ وہ صرف جیت کی صورت میں ہی انتخابات قبول کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ایک بند گلی میں پہنچ چکی ہے اور اسے آئندہ انتخابات میں اپنی شکست صاف دکھائی دے رہی ہے۔
سابق وزیر دفاع کا سوال کیا کہ پی ٹی آئی کےانٹراپارٹی الیکشن میں کتنے لوگ موجودتھے؟ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ایک سال پہلےشامل ہونے والےکو چیئرمین بنادیا گیا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سےمختلف سیاسی جماعتوں کا تنازع رہا ہے لیکن 9 مئی کو پی ٹی آئی نے جو کیا ایسا پہلےکبھی نہیں ہوا۔