آئندہ دو روز میں کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقے دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اور 17 جنوری (منگل اور بدھ) کو کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران شمالی بلوچستان میں شدید سردی ہوگی اور پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں اسموگ چھائی رہے گی جبکہ خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا، تاہم جنوب مغربی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اس دوران سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے اور اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔
جمعہ کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا اور ملک کے بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سردی ہوگی، بالائی سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔