نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے والے بلوچ بھائیوں کو عام معافی دلا کر قومی دھارے میں لارہے ہیں، مزید علیحدگی پسند جلد قومی دھارے میں آنے والے ہیں، ایران کے حملے کے بعد ایک سیاسی جماعت اور بیرون ملک میں بیٹھے بھگوڑوں کی حرکتیں قابل مذمت ہیں، ایران میں مرنے والے دہشتگردوں کے لواحقین اسلام آباد کے کیمپ میں موجود ہیں۔
نگراں وزیراطلاعات نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے والے عناصر کو بھرپور جواب دیا ہے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، پوری قوم اور خاص کر اہل بلوچستان پاک فوج کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔
جان اچکزئی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے اس ایکشن سے بھارت کی دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے، ہم بار بار کہہ رہے تھے کہ مسنگ پرسنز کا مسلہ حل ہورہا ہے، اسلام آباد میں بلوچ خواتین کا بھارت میں تیار ہونے والا ڈرامہ بری طرح فلاپ ہوگیا ہے۔
مزید پڑھیں
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ ماہ رنگ پاکستانی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش میں خود بے نقاب ہوگئی ہیں، ایران میں مرنے والے دہشتگردوں کے لواحقین اسلام آباد کے کیمپ میں موجود ہیں، دہشتگرد تنظیموں کے افراد ایران میں بھارت سے ساز باز کرکے پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے تھے۔
جان اچکزئی نے انکشاف کیا کہ ماہ رنگ بلوچ اور ان کے سہولت کار قومی اداروں اور فورسز کو بدنام کرنے میں پیش پیش تھے، بلوچستان میں دشمن قوتیں اندرونی خلفشار پیدا کرنے میں ناکامی کے بعد بیرونی مداخلت کی کوشش کررہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اپنے مارچ کے دوران ماہ رنگ اور ان کی حواری خواتین مزید ایکسپوز ہوگئی ہیں، بھارت نواز ایجنڈے نے ماہ رنگ کی حقیقت عوام کے سامنے کھول دی، انہوں نے کہا کہ وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیلنے والے بلوچ بھائیوں کو عام معافی دلواکر قومی دھارے میں لارہے ہیں، مزید علیحدگی پسند جلد قومی دھارے میں آنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور ماہ رنگ بلوچ نے بھی پاکستان کے جوابی حملہ میں ایران میں دہشتگردوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے، ایران کے حملے کے بعد ایک سیاسی جماعت اور بیرون ملک میں بیٹھے بھگوڑوں کی حرکتیں قابل مذمت ہیں۔