این اے 130 میں نواز شریف کی پہلی انٹری کیسی رہی؟

منگل 23 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے لاہور کے حلقہ این اے 130 میں انتخابی ریلی نکالی ہے۔

نواز شریف کے حلقہ این اے 130 کے دورے کی اطلاع ایک دن پہلے ہی کارکنوں کو دے دی گئی تھی، نواز شریف آج دن ساڑھے 3 بجے جاتی عمرہ سے موہنی روڈ پہنچے تو سب سے پہلا کام پنجرے میں قید شیر کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری واپس بھجوانے کی ہدایت کردی اور کہاکہ پورے پاکستان میں کسی بھی ریلی میں اصلی شیر یا کوئی اور جانور نہ لایا جائے۔ دین اسلام اور جانوروں سے متعلق قوانین نے ہمیں جانوروں کے حقوق کے احترام کی تلقین کی ہے۔

نوازشریف موہنی روڈ پر کچھ دیر کے لیے رکے اور لوگوں کے بھرپور انداز میں ویلکم کرنے پر باہر نکل کر ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔ اس موقع پر مریم نواز بھی والد کے ہمراہ تھیں۔

اس کے بعد نواز شریف کا قافلہ آگے بڑھتا گیا تو لوگوں کا رش بھی بڑھتا گیا، نواز شریف گاڑی پر حلقے کا دورہ کر رہے تھے اور لوگ ساتھ ساتھ چلتے ہوئے میاں صاحب زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ یہ نواز شریف کا عرصہ 6 سال بعد اس حلقے کا پہلا دورہ تھا۔

موہنی روڈ پر شاندار استقبال کے بعد نواز شریف کا قافلہ قصور بازار کی طرف نکل پڑا جہاں پر لوکل تاجر برادری نے قائد ن لیگ کو ویلکم کیا۔ یہاں نواز شریف نے گاڑی میں بیٹھ کر عوام کے نعروں کاجواب دیا۔ رش زیادہ ہونے کی وجہ سے گاڑی کی رفتار بہت آہستہ تھی۔

حلقے میں 15 سے 20 استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے

نوازشریف جس حلقے میں جارہے تھے وہاں پر استقبال کرنے والوں نے اپنے اپنے استقبالی کیمپ لگائے ہوئے تھے۔ نواز شریف تقریباً ہر استقبالی کیمپ پر گئے اور لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کا قافلہ قصور بازار سے نکلنے کے بعد طارق روڈ کی طرف گامزن ہوگیا۔ ان کی گاڑی جیسے ہی طارق روڈ پر پہنچی تو زبردست آتش بازی کی گئی اور چاہنے والوں نے گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔ لوگ نوازشریف کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آئے اور گاڑی کے گرد امڈ آئے۔

نواز شریف نے سب لوگوں کا گاڑی میں بیٹھ کر شکریہ ادا کیا۔ عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر نواز شریف حیران رہ گئے، گاڑی کے ساتھ ساتھ چلنے والی عوام بار بار یہ کہتی رہی کہ نواز شریف آگیا ہے اب خوشحالی بھی آجائے گی۔

نواز شریف نے ریلی کے دوران نمک پارے بھی کھائے

نوازشریف کا قافلہ طارق روڈ سے ہوتا ہوا بلال گنج پہنچا تو وہاں بھی عوام کا جم غفیر تھا۔ گاڑی آہستہ آہستہ چل رہی تھی اور لوگ معمول کے مطابق بھرپور انداز میں ویلکم کر رہے تھے۔ اسی اثنا میں ایک بچہ نوازشریف کی گاڑی کے قریب آیا جو نمک پارے کھا رہا تھا۔ مریم نواز نے اس کو دیکھا تو اس نے نمک پارے کا لفافہ انہیں تھما دیا اور بعد میں وہ نمک پارے مریم نواز اور نواز شریف بڑے مزے مزے سے کھائے۔

تقریباً 3 گھنٹے تک نواز شریف اپنے حلقے کا دورہ کرتے رہے اور ساڑھے 6 بجے کے قریب آؤٹ فال روڈ سے واپس جاتی عمرہ کے لیے روانہ ہو گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp