چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ ان کا کملک چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو اپ گریڈ کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
بدھ کو ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ چین سی پیک کو اپ گریڈ کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کو تیز کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ایک سوال پر کہا کہ چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اہم مشترکہ مفاہمت کی فراہمی، سیاسی باہمی اعتماد کو عملی تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ چینی نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سن ویڈونگ نے 20 سے 22 جنوری تک پاکستان کا دورہ کیا۔
انہوں نے صدر عارف علوی، نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وانگ وین بن نے کہا کہ چینی نائب وزیر خارجہ نے سیکریٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کے ساتھ بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کاری پر سی پیک کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے چوتھے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور ان کا ملک ون چائنا اصول پر پاکستان کے پختہ عزم کو سراہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اس کے اتحاد، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی حمایت کرتا ہے۔
دورے کے دوران چینی نائب وزیر خارجہ اور پاکستانی رہنماؤں نے سی پیک کی کامیابی کے عزم کی تجدید کی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، معیشت، زراعت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔