عمران خان کے دور میں سی پیک منصوبے کو تباہی سے دوچار کیا گیا، رانا مشہود

ہفتہ 20 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چئیرمین، پنجاب کے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی کسی بھی شک وشبہ سے بالاتر ہے لیکن عمران خان کے دور حکومت میں نہ صرف سی پیک منصوبے کو تباہی سے دوچار کیا گیا بلکہ دونوں ملکوں کے تعلقات بھی خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

رانا مشہود نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو اور قومی کمیشن برائے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے تحت تربیت حاصل کرنے والے ہنر مند طلبا سے خطاب بھی کیا۔

رانا مشہود نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط کیے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کو معاشی ترقی کا ہم سفر بنانا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان کے دوست ممالک سے سرمایہ کاری پاکستان لا رہے ہیں تاکہ وطن عزیز کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے، اس سلسلہ میں سی پیک کی اہمیت کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت اب تک چین نے پاکستان میں 26 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ مجموعی سرمایہ کاری کا ہدف 65 ارب ڈالرز ہے۔

رانا مشہود نے کہا 14 مئی سے وزیراعظم عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری دورہ کریں گے جس سے برادر ہمسایہ ملک کا اعتماد بحال ہوگا اور سی پیک منصوبہ تیزی سے کامیابی کی جانب گامزن ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں رانا مشہود نے کہاکہ موجودہ وفاقی حکومت کا فوکس یوتھ کی ترقی پر ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ بڑھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہنر مند نوجوانوں کو نہ صرف بیرون ملک بھیجا جائے بلکہ ان کی صلاحیتوں سے پاکستان میں بھی بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

زبانوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ مختلف ممالک کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف زبانیں سکھانے کے پروگرام شروع کیے جائیں۔

انہوں نے اس سلسلہ میں چینی زبان کو قومی کمیشن برائے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے پروگرامز میں شامل کرنے کا یقین دلایا۔

رانا مشہود احمد نے مزید کہاکہ چین اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ مختلف شعبوں میں ہزاروں ہنرمندوں کو بھی ملک اور بیرون ملک خدمات کی انجام دہی کا موقع ملے گا۔

انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز کے قیام کو سراہا اور کہاکہ یہ امر لائق ستائش ہے کہ چائنہ ونڈو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے مزید مستحکم کرنے کا مرکز ثابت ہوگا۔

انہوں وفاقی حکومت کی جانب سے چائنہ ونڈو کے منتظمین کو ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp