پولینڈکے وزیراعظم کی ریاض آمد،سعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقات

بدھ 8 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پولینڈ کے وزیراعظم ماتیوس موراویکی کے درمیان ریاض میں ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ یوکرین جنگ اور تیل کی عالمی منڈیوں کے حوالے سے بھی گفت وشنید کی گئی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خام تیل مہیا کرنے کے طریقہ کار اور عالمی منڈی کو مستحکم کرنے پر بھی تفصیلی بات چیت  کی  اور پولش حکومت کے مطابق ان کے وزیراعظم نے ہر سطح پر یوکرین کے لیے حمایت جاری رکھنے کی بات کی ہے۔

ملاقات میں سعودی عرب کو پولینڈ سے خوراک کی مصنوعات برآمد کرنے کے حوالے سے کاروباری مواقع کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی اہمیت پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

پولینڈ کی حکومت کے مطابق تیل کی پیداوار میں سعودی عرب کی اپنی ایک اہمیت ہے اورتوانائی کے شعبے میں ہمارا بہترین شراکت دار ہے۔

ملاقات میں دیگرحکام بھی موجودتھے

سعودی ولی عہد اور پولینڈ کے وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے دوران سعودی عرب کے وزیرتوانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان ،وزیرمملکت شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز،وزیرکامرس ڈاکٹر ماجد القصبی،وزیرمملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر،وزیربرائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک سروسز صالح الجسبر،منصوبہ بندی کے وزیر فیصل علی ابراہیم اور پولینڈ میں سعودی عرب کے سفیر سعد الصالح بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ پولینڈ کے وزیراعظم منگل کے روز سعودی دارالحکومت الریاض پہنچے تھے جہاں پر ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی قیادت میں حکام نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیاتھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp