امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بطور امریکی صدر انہوں نے ایک مرتبہ ایک نیٹو اتحادی رکن ملک کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے دفاعی اخراجات کے طے شدہ ہدف کے مطابق ادائیگی نہ کی تو وہ روس سے کہیں گے کہ اس ملک کے ساتھ جو چاہے کرے۔
جنوبی کیرولینا کے شہر کونوے میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک واقعہ کا ذکر کیا کہ انہوں نے دھمکی دی تھی کہ دفاعی اخراجات کی ادائیگی نہ کرنے والے نیٹو اتحادی ارکان کا امریکا دفاع نہیں کرے گا، جس پر نیٹو اتحاد میں شامل ایک بڑے ملک نے ان سے سوال کیا کہ اگر ہم حصہ نہ دیں اور روس ہم پر حملہ کر دے تو کیا ہمارا دفاع کیا جائے گا۔
Related Posts
ٹرمپ نے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اس ملک کے صدر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ’بالکل نہیں! امریکا آپ کا دفاع نہیں کرے گا بلکہ میں تو روس کی حوصلہ افزائی کروں گا کہ وہ جو مرضی چاہے کر لے۔ آپ کو حصہ دینا ہوگا، اپنے بلز کی ادائیگی کرنا ہوگی۔‘
وائٹ ہاؤس کا رد عمل
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ٹرمپ کے بیان کو ناقابل قبول اور اسے بائیڈن کی اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوششوں کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔
مغربی ممالک کا رد عمل
مغربی طاقتوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر سخت تنقید کی ہے۔ دوسری جانب، نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹین برگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادیوں کی جانب سے کسی دوسرے کا تحفظ نہ کرنے کی تجویز امریکا سمیت تمام ارکان کی سلامتی خطرے میں ڈال دے گی۔
ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیٹو رکن ممالک پر کسی قسم کے حملے کی صورت میں متحد ہو کر پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
ٹرمپ کے بیان پر پولینڈ اور جرمنی کی جانب سے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے نیٹو کا نعرہ ’ ایک سب کے لیے اور سب ایک کے لیے‘ دہرایا گیا ہے۔ پولینڈ کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اتحادی ممالک کی ساکھ کو کمزور کرنے کا مطلب پورے نیٹو کو کمزور کرنا ہے۔
یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مچل نے بھی کہا ہے کہ نیٹو کی سلامتی اور یکجہتی سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیانات سے صرف روسی صدر پیوٹن کے مقاصد پورے ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے مرکزی امیدوار ہیں۔ انہوں نے اپنے اس بیان سے پہلے اپنی پارٹی کے کانگریس ارکان پر زور دیا تھا کہ وہ یوکرین کے لیے نئی امداد کا بل منظور نہ ہونے دیں۔