لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ کے امیدوار اسد منظور بٹ صدر اور قادر بخش چاہل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں۔
ہفتہ کے روز ہونے والے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ (حامد خان) کے صدارتی امیدواراسد منظور بٹ نے 6 ہزار195 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی ہے ، ان کے مدمقابل عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار ثاقب اکرم گوندل 5 ہزار 768 ووٹ حاصل کرکے شکست سے دو چار ہوگئے۔
الیکشن نتائج کے مطابق میاں سردار علی 3344ووٹ لیکر نائب صدر منتخب جبکہ ان کے مدمقابل امیدواروں حسیب بن یوسف نے 1905 ووٹ، عبدالرحمن رانجھا نے 2998، ملک فدا حسین نے 1677، مظہر عباس خان سیال نے614 ووٹ اور میاں وحید نذیر نے 1369 ووٹ حاصل کیے۔ سیکرٹری کی نشست پر قادر بخش چاہل نے 7119ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ ان کے مدمقابل امیدواروں آصف محمود چوہان نے 1260اورقاسم اعجاز سمرا نے 3553 ووٹ حاصل کیے۔
فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر فلک ناز گل نے 5503ووٹ لیکر اپنے مد مقابل امیدواروں کو شکست دی، ان کے مقابلے میں فنانس سیکرٹری کی نشست پر جام بن شعیب کمبوہ نے 5033 اور سید فرخ عباس رضوی نے 1389 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کی نگرانی چیئرمین الیکشن بورڈ میاں عرفان اکرم کی سربراہی میں ڈپٹی چیئرمین الیکشن بورڈ حسیب اللہ خان اور ڈپٹی چیئرمین خداداد چھٹہ پر مشتمل تین رکنی بورڈ نے انجام دیے ۔
اس موقع پر نو منتخب صدر اسد منظور بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بار کی بہتری کے لیے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے اور بار کے سینیئر وکلاء کی مشاورت سے بار ایسوسی کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار و بنچ کے درمیان پائے جانے والے خلا کو دور کیا جائے گا اور اپنی تمام تر صلاحیتیں وکلا ء کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لائیں گے ۔