پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے سینیئر رہنما عطا اللہ تارڑ نے صدر مملکت عارف علوی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ایوانِ صدر سازشوں کا گڑھ بنا ہوا ہے، صدر مملکت اپنے عہدے سے انصاف نہیں کر رہے ہیں وہ پاکستان تحریک انصاف کے عہدے داروں سے خفیہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے سینیئر رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملک میں منافقت کی سیاست کو عوام رد کر چکی ہے، صدر مملکت عارف علوی قومی اسمبلی کا اجلاس نہیں بلا رہے ہیں، اگر انہوں نے اجلاس نے بلایا تو اسپیکر قومی اسمبلی کو اجلاس بلانے کا اختیار حاصل ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہی ہوگا۔
لائیو: عطاء اللّٰہ تارڑ کی میڈیا سے گفتگو۔ https://t.co/gae1hBch27
— PMLN (@pmln_org) February 25, 2024
انہوں نے کہا کہ ایک قیدی جس نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے اور اس الزام میں وہ جیل میں قید ہے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے جا رہا ہے۔
کیا یہ قیدی آئی ایم ایف کو اپنی کرپشن کے بارے میں بھی لکھے گا؟، وہ لکھیں کہ میں نے مذہب کا کارڈ استعمال کیا، ریاست مدینہ کی بات کی اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی بات کی اور ’کرتوت ‘ بالکل اس کے برعکس کیے، پھر غبن کیا، کرپشن کی اور پھر خود کو صادق اور امین کا لقب دلانے کی بھی کوشش کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کیا وہ خط میں لکھیں گے کہ مجھ پر اور اہلیہ پر کرپشن کے الزامات ہیں، لکھیں کہ میں ایک کرپٹ آدمی ہوں اور جیل میں ہوں۔
مملکت نے اپنے حلف سے انصاف نہیں کیا
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنے حلف سے انصاف نہیں کیا، انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کو بلانے کی سمری پر دستخط کرنے کا فیصلہ نہیں کر سکے، وہ آئینی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہیں۔ تمام اراکین کے نوٹیفکیشن ہو چکے ہیں پھر اجلاس بلانے میں تاخیر کیوں ہے، وہ اگر اجلاس نہیں بلاتے تو 21 دن گزرنے کے بعد اسپیکر از خود اجلاس بلا لیں گے۔
انہوں نے کہاکہ صدر مملکت جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے پی ٹی آئی کے ورکر بنے ہوئے ہیں، بقول عطا تارڑ صدر مملکت گوہر خان سے خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں اور اس وقت ایوان صدر سازشوں کا ایک گڑھ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا صدر مملکت کا جب جی چاہتا تو کہتے ہیں، میں نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنی ہے، جب جی چاہتا ہے ریاست مخالف بیانیے کو پروان چڑہاتے ہیں۔
عارف علوی کے بیٹے نے بھارتی نژاد امریکی فرم سے معاہدہ کیا
عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ عارف علوی کے بیٹے نے بھارتی نژاد امریکی فرم سے معاہدہ کیا، وہ بطور صدر اس معاہدے میں شریک رہے اور 7 سو کروڑ بٹورے۔ کیا آپ کو بطور صدر یہ زیب دیتا تھا۔ کیا صدر نے بیٹے کو فائدہ پہنچانے کے لیے اپنے عہدے اور اختیارات کا نا جائز فائدہ نہیں اٹھایا؟۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم تو میثاقِ جمہوریت کی طرف جا رہے ہیں لیکن صدر مملکت عارف جمہوریت کو پٹری سے ہی اتارنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
عطا تارڑ نے صدر مملکت کے اثاثے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 4 کروڑ 36 لاکھ کے اثاثے ظاہر کیے ہوئے ہیں، جب کہ مارکیٹ ویلیو 14 کروڑ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ صدر مملکت کے اثاثوں میں بہت زیادہ فرق آ رہا ہے۔