توشہ خانہ کا ایک تحفہ جسے کسی نے ’لفٹ‘ نہیں کرائی

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سیاسی اور ابلاغی محاذ پر توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحفوں کا ایسا شور ہے کہ مہنگائی، معاشی بدحالی اور دیگر بحران پس منظر میں چلے گئے ہیں۔

اس موضوع پر گفتگو کرنے والی اکثریت کا فوکس یہ دکھائی دیتا ہے کہ ’تم میرے لیڈر کے تحائف کا ذکر کرتے تھے، دیکھا تمہارے لیڈر کے تحفے بھی نکل آئے۔‘

کوئی اس نکتے کو بنیاد بنا کر خود کو نیک نام اور دوسرے کو مجرم ثابت کر رہا ہے تو کوئی نسبتا کم قیمت تحائف لے جانے والوں پر طنز کے تیر چلا رہا ہے۔

ایسے میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق دیگر پہلوؤں کا ذکر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

لحاظ علی نے اسی نکتے کو بنیاد بنایا تو لکھا کہ ’توشہ خانہ میں جھاڑو پھیرتے ہوئے حکمرانوں نے1200 سے زائد گھڑیوں، 400 سے زئاد کاروں، 300 سے زائد قلم اور بیش بہا دیگر تحائف سمیت انڈر گارمنٹس اور بیل گاڑی تک پر ہاتھ صاف کیا مگر مجال کسی نے تحفہ میں ملنے والی نو کتابوں کو مفت میں اٹھانے کی زحمت کی ہو۔ یہ کتابیں لائبریری بھجوا دی گئیں۔‘

https://twitter.com/TheLehaz/status/1635129130797920260

کتابیں تحفہ میں نہیں لی گئیں تو متعدد افراد نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔

عبدالصادق نے لکھا کہ ’ایسا اس لیے ہوا کہ ہمارے حکمران حد سے زیادہ پڑھے لکھے ہوئے ہیں۔‘

وزیر نے تبصرہ کیا کہ ’کتاب پڑھنے کا شوق ہوتا تو یہ کام کرتے‘، جب کہ ضیا نے لکھا کہ ’کتابوں سے ہمیں الرجی ہے۔‘

سوشل ٹائم لائنز پر ہونے والی گفتگو نے نیا رخ بدلہ تو بہت سے افراد نے ’50 روپے میں نواز شریف کی لی گئی قالین‘ سے لے کر ’مریم نواز اور فواد چوہدری کے تقریبا مفت میں لیے گئے پائن ایپل اور کھجور کے ڈبوں‘ کا تذکرہ بھی کیا۔

تحفے میں لی گئی ’بھینس اور ٹریکٹر‘ کا ذکر ہوا تو متعدد صارفین نے نشاندہی کی کہ تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی نے ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کروائے۔

سعدیہ مظہر نے لکھا کہ ’شیخ رشید نے بہت سے تحفے توشہ خانہ میں جمع کروائے مگر دو گھڑیوں میں سے ایک لیڈیز گھڑی کس کے لیے لی۔‘

گزشتہ روز حکومت کی جانب سے توشہ خانہ کا دو دہائیوں کا ریکارڈ پبلک کیا گیا ہے جس میں حکومتی شخصیات، بیوروکریسی اور حکمرانوں کے اہل خانہ سمیت دیگر سول شخصیات کے ان تحفوں کا ذکر کیا گیا ہے جو قیمتا یا بلامعاوضہ حاصل کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp