پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور نو منتخب رکن اسمبلی ڈاکٹر عباد نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی اراکین ان کے ساتھ ہیں، ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں 2 ووٹ اپوزیشن کے امیدوار کو ملے ہیں۔ انتخاب کے دوران ہمارے 17 اراکین موجود تھے لیکن ارباب وسیم کو 19 ووٹ پڑے۔
وی نیوز سے گفگتو کرتے ہوئے ڈاکٹرعباد نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں انتخاب کے دوران 17 اراکین موجود تھے، جنہوں نے اسپیکر کے لیے ووٹ دیا، جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے دوران 2 ووٹ حکومتی اراکین نے دیے جس کے باعث اپوزیشن امیدوار ارباب وسیم کو 19 ووٹ پڑے۔
مزید پڑھیں
ڈاکٹرعباد نے کہا کہ مجموعی طور پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے دوران 106 ووٹ کاسٹ ہوئے جو درست قرار دیے گئے۔ اسپیکر کے انتخاب کے دوران سابق اسپیکر مشتاق غنی نے کہا کہ کل 106 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں 89 سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی کو پڑے جو منتخب ہوئے جبکہ ہارنے والے اپوزیشن امیدوار احسان نے 17 ووٹ حاصل کیے۔
اسپیکر کے بعد ڈپٹی اسپیکر کے لیے خفیہ رائے شماری ہوئی، جس میں سنی اتحاد کونسل کی خاتون امیدوار ثریا بی بی 87 ووٹ لے کر منتخب ہوئیں جبکہ اپوزیشن کے ارباب وسیم کو 19 ووٹ پڑے۔
صحافی عارف حیات جو اسمبلی اجلاس میں موجود تھے نے بتایا کہ لگ رہا ہے کہ 2 ارکان باغی ہوئے لیکن خفیہ رائے شماری کی وجہ سے پتہ نہیں چل رہا کہ وہ کون ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہو سکتا ہے حکومتی امیدوار خاتون ہونے کی وجہ سے ووٹ اپوزیشن کو پڑا ہو۔
واضح رہے آج خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوا، سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہوئیں۔