فارم 45 الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری: ’یہ بھی الیکشن نتائج کی طرح جعلی ہیں‘

منگل 5 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اپنی ویب سائٹ پر چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے حلقوں کے فارم 45، 46، 48 اور 49 ویب سائیٹ پر جاری کردیے۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر تحریک انصاف اور ان کے حامی صارفین کی جانب سے یہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ الیکشن کے نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔

 پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ایکس ہینڈل (سابقہ ٹوئٹر) کی جانب سے فارم 45 کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا کہ جعلی فارم 45 میں آپ واضح دیکھ سکتے ہیں کہ کیسے عون چوہدری کے 93 ووٹوں کے آگے 4 لگا کر 493 کیا گیا ہے۔

اینکر صابر شاکر نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ الیکشن کمیشن نے بہت دباؤ کے بعد فارم 45 اپ لوڈ تو کردیے ہیں لیکن وہ بھی الیکشن نتائج کی طرح جعلی ہیں، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے تہیہ کیا ہوا ہے کہ جعلی حکومت کو پوری دنیا میں ذلیل و رُسوا کرنا ہے۔

 تحریک  انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے الزام عائد کیا کہ میرے حلقے این اے 128 کے فارم  45  میں 173 ووٹوں کو 973 میں بدلا گیا۔

صحافی ماجد نظامی کاکہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر گجرات کے این اے 64 کے فارم 45 ضرور ملاحظہ فرمائیں۔ تقریباً ہر صفحے پر ایک لطیفہ ملے گا۔ انتہائی بھونڈے انداز میں ووٹ تبدیل کئے گئے ہیں۔ صرف ایک مثال کہ تحریک انصاف کی قیصرہ الٰہی کے 590 ووٹوں کو 090 بنا دیا گیا۔ جبکہ چوہدری سالک حسین کے 11 ووٹوں کو 511 کیا گیا ہے۔ ’دیدہ دلیری دیکھیں کہ الیکشن کمیشن نے وہ سارے فارم اپ لوڈ بھی کر دیے ہیں‘۔

صحافی ثاقب بشیر کا کہنا تھا کہ فارم 45 کا پنڈورا باکس کھلنے لگا ہے، الیکشن کمیشن شاید دفاع نہیں کر سکے گا۔

صحافی حسن ایوب نے کہا کہ فارم 45 نہیں بلکہ تھیلے کھولے جائیں تاکہ یہ دھاندلی کا رونا پیٹنا تو ایک کنارے لگے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا الزام ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور فارم 47 کی بنیاد پر امیدواروں کو جتوایا گیا۔ پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ اس کے 180 امیدوار جیتے ہوئے تھے جنہیں دھاندلی سے ہرایا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp