بالی وڈ اداکارہ ہُما قریشی کہتی ہیں میں ’انقلابی‘ نہیں ہوں

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی وڈ میں خواتین اداکاراؤں کے بارے میں پائے جانے والے دقیانوسی تصورات توڑنے کے سوال پر ہُما قریشی نے کہا ہے کہ میں ’انقلابی‘ نہیں اور نہ ہی میں کسی ’متھ‘ کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہوں۔

بھارتی ٹی وی شو ’ای ٹائمز‘ سے بات چیت کے دوران ہما قریشی نے کہا کہ ’میں انقلابی نہیں ہوں اور نہ ہی میں کوئی مثال قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ میں صرف اپنی زندگی اپنی سچائی سے جی رہی ہوں۔

معروف اداکارہ ہُما قریشی ’مہارانی‘ کے سیزن 3 کے ساتھ پردہ اسکرین پر واپس آئی ہیں۔ ’گینگس آف واسع پور‘ سے لے کر ’مہارانی‘ تک اور پروڈیوسر بننے سے لے کر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں ’آئیٹم سونگ‘ کرنے تک، ہما نے واقعی ایک طویل سفر طے کیا ہے۔

ہُما قریشی کا کہنا تھا کہ ’جب میں انڈسٹری میں آئی تو میں نے اپنے بارے میں کچھ مضامین پڑھے تو سوچا کہ لوگ کسی کے بارے میں ایسا کیوں محسوس کرتے ہیں۔ میں تو جیسا پسند کرتی ہوں، ویسا لباس پہنتی ہوں، میں وہ فلمیں کرتی ہوں جو میں کرنا چاہتی ہوں۔ اگر اس سے کوئی دقیانوسی تصورات ٹوٹتے ہیں تو شاید ایسا ہی ہو، لیکن ایسا کچھ بھی دانستہ نہیں۔

اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے، لیکن انہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ ان کی جگہ نہیں لی جاسکتی۔ خود سے محبت اور خود کی دیکھ بھال نے انہیں برے دنوں میں بہت سہارا دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب مجھے لگتا ہے کہ میری زندگی ٹوٹ رہی ہے، تو یہ عادت سیلف تھراپی کی طرح مدد کرتی ہے۔

ہُما قریشی نے مزید کہا کہ کبھی کبھی آپ اپنے آپ کو ایسی کہانیاں سناتے ہیں جو آپ کو دنیا سے دور رکھتی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہر اداکار یا ہر انسان کو کسی نہ کسی طرح کی سیلف تھراپی یا خود کی دیکھ بھال پر عمل کرنا چاہیے کیونکہ اس میں آپ کو ایک طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔

ہما قریشی بالی وڈ کا ابھرتا ہوا نام ہیں، ان کی پیدائش دہلی میں 28 جولائی 1986 کو ہوئی تھی۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی کے گارگی کالج سے گریجوایشن کرنے کے بعد، اداکاری کی طرف قدم بڑھایا تھا۔ وہ کئی تھیٹر گروپس سے وابستہ تھیں۔

ہما قریشی کے والد سلیم قریشی کا ریسٹورنٹ کا بزنس ہے۔ اداکارہ کو پیسے کی کوئی پریشانی نہیں، وہ بھی اکثر نوجوانوں کی طرح فلموں میں قسمت آزمانے کے لیے ممبئی آئیں۔ ہما قریشی 2008 میں ممبئی پہنچیں اور کئی فلموں کے لیے آڈیشن دیے۔ کافی مشقت کے بعد انہیں ہندوستان یونی لیور کے کچھ پروڈکٹس کے لئے شوٹ کرنے کا موقع ملا۔

ہما قریشی کی زندگی میں پھر وہ لمحہ آیا، جس کا انہیں کافی مدت سے انتظار تھا۔ انہیں عامر خان کے ساتھ سیمسنگ فون کے اشتہار کے لیے منتخب کیا گیا تو وہ لوگوں کی نظروں میں آئیں۔ پھر انہوں نے بالی ووڈ کے ’کنگ خان‘ شاہ رخ خان کے ساتھ ایک اشتہار کیا۔ اس کے بعد انہیں کئی طرح کے اشتہار ملنے لگے۔

کہا جاتا ہے کہ ایک بار جب ہما قریشی کسی موبائل فون کا اشتہار شوٹ کر رہی تھیں، تب انوراگ کشپ کی نظر ان پر پڑی اور وہ ہُما قریشی کی اداکاری سے متاثر ہوئے۔ انوراگ کشپ نے انہیں فلم ’گینگ آف واسع پور‘ کے لیے منتخب کیا۔ فلم میں نواز الدین صدیقی کے ساتھ ان کی کیمسٹری کو ناظرین نے کافی پسند کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp