پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ذمہ داروں پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات تو کرتے ہیں مگر سانحہ 9 مئی اور پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کے لیے کوئی سزا تجویز نہیں کر رہے۔
اپنے ایک بیان میں بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ عمران خان سانحہ 9 مئی اور ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کرنے والوں کے لیے بھی کوئی سزا تجویز کردیں۔
مزید پڑھیں
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ جن عناصر نے وطن پر جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کی توہین کی ہے ان کے لیے بھی سزا تجویز کریں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر شہدا کی توہین آمیز مہم کے پیچھے تحریک انصاف کی ٹیم ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو لوگ شہدا کی توہین اور تضحیک کر رہے ہیں ان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، یہ کسی بھی صورت رعایت کے مستحق نہیں۔
پی ٹی آئی نے شہدا کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی، بیرسٹر سیف
اب وزیر اطلاعات کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہاکہ تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر شہدا کے خلاف کوئی مہم نہیں چلائی۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شہدا کو سیاست میں گھسیٹا جا رہا ہے۔