وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر پی ٹی آئی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تحریک انصاف نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ جاری کرنے کو خیبرپختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین اور وفاق کی وحدت پر حملہ قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں
ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹنے اور مجرموں میں بانٹنے والے اپنی شرانگیزیوں سے باز نہیں آرہے۔
ترجمان کے مطابق جھوٹے اور بیہودہ مقدمات میں منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وارنٹ گرفتاری کا اجرا صوبے کے عوام کی کھلی توہین اور ایک نہایت اشتعال انگیز فعل ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر خیبرپختونخوا سے وزیراعظم یا وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے تو وفاق اسے کس نگاہ سے دیکھے گا۔
ترجمان نے کہاکہ دستور و قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کو ہماری کمزوری سے تعبیر کرتے ہوئے ملک کو ماورائے آئین اقدامات کی بھینٹ چڑھانے والے اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے۔
خفیہ و اعلانیہ فیصلہ ساز ہوش کے ناخن لیں
انہوں نے کہاکہ وفاق کو استحکام اور احترامِ باہمی کے ذریعے قومی وحدت و یگانگت کی ضرورت ہے، اس قسم کے شرمناک اقدامات سے قومی وحدت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
ترجمان نے کہاکہ خفیہ و اعلانیہ فیصلہ ساز ہوش کے ناخن لیں اور وفاق کو جعلی مقدمہ بازی اور انتقامی ہتھکنڈوں کی بھینٹ چڑھانا بند کریں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جای کیے ہیں۔