’اگر ہسٹری میں فِکشن، جیوگرافی میں گرامر ہو سکتی ہے تو ’گراؤنڈ ٹو ارتھ‘ کیوں نہیں؟‘

بدھ 20 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ایک انٹرویو کے دوران کہتی ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ہیلی کاپٹر میں بیٹھنے کا کوئی شوق نہیں ہے۔ انہوں نے بچپن سے بہت ہیلی کاپٹر دیکھے ہیں۔ وہ ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے کرتے یہاں تک پہنچی ہیں۔ وہ نہ تو اتنی ترسی ہوئی ہیں کہ ان کو ہیلی کاپٹر میں بیٹھنے کا شوق ہو اور نہ ان کی اکڑ کا مسئلہ ہے کہ وہ زمین پر چل نہیں سکتیں وہ ’ گراؤنڈ ٹو ارتھ‘ قسم کی خاتون ہیں۔ وہ زمین اور عام لوگوں کے درمیان رہنا پسند کرتی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے بیان پر صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے کہ انہوں نے اپنے تعلیمی کیرئیر میں آج تک ’گراؤنڈ ٹو ارتھ‘ کا محاورہ نہیں سنا۔ شاید عظمیٰ بخاری نے انگریزی زبان کا نیا محاورہ ایجاد کیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اب یہ ’گراؤنڈ ٹو ارتھ‘ کیا ہے؟ ہم نے ایم فل پی ایچ ڈی کر لی مگر آج تک یہ محاورہ ’گراونڈ ٹو ارتھ‘ نہیں سُنا۔ اگر کسی کی سمجھ میں آئے تو برائے مہربانی ہمیں بھی بتا دیں کہ آخر یہ ہے کیا۔

ملیحہ ہاشمی لکھتی ہیں کہ عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز ’گراؤنڈ ٹو ارتھ‘ خاتون ہیں اور واقعی 8 فروری کو عوام نے ان کے سیاسی طیارے کو ’گراؤنڈ ٹو ارتھ‘ ہی کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر سوال کیا کہ یہ گراؤنڈ ٹو ارتھ والا معاملہ کیا ہے؟

ایک صارف نے لکھا کہ یہ برائے نام پڑھے لکھے لوگ ہیں۔ رات کو انہوں نے رٹہ لگایا تھا لیکن صبح کیمرے کے سامنے وہ بھول گئیں کہ درست جملہ ڈاؤن ٹو ارتھ  ہے۔

اجالا رضا لکھتی ہیں کہ اگر میڈم کی ہسٹری میں فِکشن ہو سکتی ہے، جیوگرافی میں گرامر ہو سکتی ہے تو میڈم خود گراؤنڈ ٹو ارتھ کیوں نہیں ہو سکتیں۔

ایک ایکس صارف لکھتے ہیں کہ ہم خود اس کی کھوج میں ہیں۔ اگر آپ کو کچھ پتہ چلے تو مہربانی کر کے ہمیں بھی بتائیے گا۔ ہمارے اندر اس کے متعلق بڑی سنسنی پیدا ہو چکی ہے۔

 انعم شیخ نے طنزاً لکھا کہ مجھے گراؤنڈ ٹو ارتھ بےچینی ہو رہی ہے، پتا نہیں ملک کا کیا بنے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp