وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل قومی اتفاق رائے موجود ہے، سیاسی فائدے کے لیے دہشتگردی کے معاملے پر الزام تراشی بند ہونی چاہیے۔
فیصل آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں دہشتگرد کسی بھی شہر یا علاقے پر قبضہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
صوبائی حکومت اپنی نااہلی چھپانے، دہشت گردوں کو بچانے اور سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے اداروں پر تہمت لگانا چھوڑے اور اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ افواجِ پاکستان اور وفاقی حکومت تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہیں گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ طلال چوہدری pic.twitter.com/SmJnuS83Tm
— WE News (@WENewsPk) February 1, 2026
مزید پڑھیں: دہشت گرد بلوچوں کو ایندھن بنا رہے ہیں، پاکستان کا ایک انچ نہیں لے سکتے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک اور گرفتار ہوئے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے حقوق کے نام پر اسکولوں، اسپتالوں اور بازاروں پر حملوں کو قابل مذمت قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا نے بلوچستان سے متعلق منظم، جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا۔
طلال چوہدری نے کہاکہ بھارت میں یہ تاثر دیا گیا کہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر شہر قبضے میں لے لیے گئے، جبکہ انڈین چینلز پر صورتحال کی براہِ راست میچ کی طرح کمنٹری چلتی رہی۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا نے بلوچستان کے مختلف شہروں سے متعلق جھوٹے دعوے کیے اور مئی کی جنگ کی طرح ایک بار پھر اے آئی ویڈیوز اور جعلی خبریں پھیلائی گئیں۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہاکہ کراچی اور لاہور سے متعلق ماضی کے جھوٹے بھارتی دعوؤں کی طرز پر نیا پروپیگنڈا کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشتگردوں اور بھارتی میڈیا میں اتنا قریبی رابطہ کیسے ممکن ہوا اور موبائل سگنلز نہ ہونے کے باوجود ویڈیوز اور پیغامات بیرون ملک کیسے پہنچے۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا کا کردار دہشتگرد پروپیگنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔
طلال چوہدری نے کہاکہ بی ایل اے سمیت دیگر دہشتگرد تنظیمیں کالعدم ہیں اور ان کے خلاف شواہد عالمی برادری کے سامنے موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ کوئٹہ اس بات کی دلیل ہے کہ اب حالات معمول پر ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں پوری طرح چوکس ہیں۔
بلوچ حقوق کی بات کرنے والوں نے عام بلوچ اور سویلین کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کوئٹہ کا دورہ اس بات کی تصدیق ہے کہ وہاں حالات معمول کے مطابق ہیں اور وفاقی حکومت بلوچستان کی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے: طلال چوہدری pic.twitter.com/y70KqS2e6s
— WE News (@WENewsPk) February 1, 2026
وزیر مملکت نے کہاکہ یہ جنگ ترقی بمقابلہ دہشتگردی ہے اور ریاست ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ کرے گی جبکہ بلوچستان میں امن بحال ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وادی تیراہ کے مسائل خیبرپختونخوا حکومت کی ناکامی اور وعدہ خلافی کا نتیجہ ہیں، 9 سال میں کوئی اسپتال، تھانہ اور اسکول نہ بننا صوبائی حکومت کی نااہلی ہے۔ عوام کے لیے مختص اربوں روپے کہاں گئے، اس کا جواب خیبرپختونخوا حکومت کو دینا ہوگا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے ناکام، 2 روز میں 3 خودکش بمباروں سمیت 133 دہشتگرد ہلاک، 15 جوان شہید
انہوں نے کہا کہ امن قائم نہ کرنے کی ناکامی چھپانے کے لیے اداروں پر الزام لگانا درست نہیں، اور دہشتگردی کے خلاف ادارے نہ بنانے کی ذمہ داری سے فرار بھی ممکن نہیں ہے۔
طلال چوہدری نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے اور اس ناسور کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا۔














