پاک بحریہ، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اورکسٹمزانٹیلی جنس کی شمالی بحیرہ عرب میں مشترکہ کارروائی کے دوران شراب کی 4 ہزارسے زائدبوتلیں ضبط کرلی گئیں۔
مزید پڑھیں
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاک بحریہ) نے میڈیا کو بتایا کہ ضبط شدہ شراب کی مالیت 14 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ضبط مال مزیدقانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹمز کے حوالے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 21 مارچ کو پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس نے شمالی بحیرہ عرب میں جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر کے تعاون سے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران شراب کی 4104 بوتلیں برآمد کی گئیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز کے مطابق موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں جہاں جرائم پیشہ افراد اپنے مذموم عزائم کے سبب پاکستان کو بدنام کرنے میں مصروف عمل ہیں پاک بحریہ، پی ایم ایس اے اور پاکستان کسٹمز کا کامیاب مشترکہ آپریشن اس عزم کا اعادہ ہے کہ ملکی بحری اور زمینی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہماری افواج ہمہ وقت تیار ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے سمندر میں نظم و نسق قائم کرنے کے لیے اپنی قومی ذمہ داریوں اور فرائض کو نبھاتے رہیں گے۔