سندھ ہائی کورٹ نے کبریٰ خان سمیت چاروں اداکاراؤں کےخلاف سوشل میڈیا پر مواد بلاک کرنےکا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کو مواد بلاک کرکے جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
درخواست میں اداکارہ کبریٰ خان نے کہا کہ یوٹیوبر نے من گھڑت الزامات سے میری اور دیگر اداکاراؤں کے وقار کو مجروح کیا۔
اداکارہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہتک آمیز مواد ہٹانےکیلئے ایف آئی اے، پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میجر (ر) عادل راجا کے نازیبا الزامات پر پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
حال ہی میں عادل راجا نے سوشل میڈیا پر جاری وی لاگ میں پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے تھےاور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ادارے کے پاس ان ماڈلز اور اداکاراؤں کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
عادل راجا نے اپنے وی لاگ میں اداکاراؤں کا نام لینے کے بجائے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے تھے جن میں M H. – M K. – A K- S A شامل تھے۔
اداکارہ کبریٰ خان نے انسٹااسٹوری شیئر کی جس میں درج تھا کہ ’میں شروع میں خاموش رہی کیوں کہ ایک فیک ویڈیو میرے وجود کو نہیں مٹاسکتی لیکن بس اب بہت ہوگیا ہے، آپ کو لگتا ہے کہ کوئی بھی شخص مجھ پر بیٹھے بٹھائے انگلیاں اٹھائے گا اور میں چپ بیٹھوں گی تو آپ کی سوچ ہے لہٰذا مسٹر عادل راجا جب آپ کسی انسان پر الزام لگائیں تو پہلے آپ کے پاس ثبوت ہونا چاہیے‘۔
کبریٰ خان نے اپنی اسٹوری میں مزید لکھا کہ ’آپ کے پاس ثبوت سامنے لانے کیلئے صرف 3 دن ہیں جس کیلئے آپ نے حق اور سچ کا دعویٰ کیا ہے، اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو اپنا بیان واپس لو اور عوام کے سامنے معافی مانگو ورنہ میں تمہارےخلاف مقدمہ کروں گی اور میں صرف پاکستانی ہی نہیں برطانوی شہری بھی ہوں لہٰذا میں وہاں بھی تمہارے پیچھے پہنچ جاؤں گی کیوں کہ میں سچ پر ہوں، میں حق پر ہوں اور میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی‘۔