پاکستان میں وبائی امراض خصوصا کورونا سے متعلق ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں وبا کی نئی اقسام کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ ہدایت میں این سی او سی نے ایک مرتبہ پھر ماسک کی پابندی کو لازم قرار دیا ہے۔
وی نیوز کو دستیاب حکمنامے اور این سی او سی کی جاری کردہ تفصیل کے مطابق کورونا کا نیا ویری اینٹ دنیا بھر میں دوبارہ پھیل رہا ہے۔
این سی او سی نے کورونا سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ الرٹ میں کہا ہے کہ 30 اپریل تک رش والے مقامات اور طبی مراکز میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔
Amid the current COVID-19 disease trends across the country, NCOC recommended following guidelines for the period up to 30 April 2023.
"Mask wearing is recommended at crowded tightly enclosed spaces including healthcare facilities"— NIH Pakistan (@NIH_Pakistan) March 16, 2023
دریں اثنا پاکستان کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 129 کیسز رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 4334 ٹیسٹ کیے گئے، اس عرصہ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.98 فیصد رہی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وبا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی تاہم 14 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد اور تناسب
این آئی ایچ کے مطابق لاہور میں کورونا کے سب سے زیادہ 43 کیسز رپورٹ ہوئے اور یہاں وبا کی مثبت آنے کی شرح 8.22 فیصد ہے۔
اسلام آباد میں کرونا کے 14 جبکہ راولپنڈی میں تین کیسز رپورٹ ہوئے، اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 4.20 اور 1.33 فیصد ریکارڈ ہوئی۔