سلیکٹرز کا دورہ کاکول، کیا وہ بابر اعظم کو کپتانی کے لیے مائل کرپائیں گے؟

ہفتہ 30 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سیلکٹرز پاکستان ملٹری اکیڈی کاکول کا دورہ کریں گے جہاں قومی ٹیم کے کھلاڑی ٹریننگ میں مصروف ہیں، اور بابر اعظم سے ملاقات کے بعد کپتانی کے لیے رضا مند کرنے کی بھرپور کوششیں کریں گے۔

کرکٹ پاکستان کے مطابق سلیکٹرز بابر اعظم کو ٹی20 کی کپتانی کے لیے راضی کرنے کے لیے کوشاں ہیں لیکن بابر اعظم پی سی بی کو پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں کہ وہ انہیں تمام فارمیٹس کا کپتان بنائیں تو وہ ٹی20 کی کپتانی پر بھی غور کرسکیں گے۔

سلیکٹرز اس ہفتے کاکول کا دورہ کرنے والے ہیں جس کا مقصد بابر اعظم کو ٹی20 کے لیے کپتان کا کردار ادا کرنے پر راضی کرنا ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کو چیئرمین محسن نقوی اور سلیکٹرز کے درمیان رات گئے ہونے والی میٹنگ میں سامنے آیا ہے۔

پی سی بی ابتدائی طور پر یہی چاہتا ہے کہ بابر اعظم آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ تک کپتانی سنبھالیں۔ تاہم، بابر بطور کپتان زیادہ طویل مدتی عزم کی طرف مائل ہیں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تمام فارمیٹس میں قیادت کرنے کی اپنی خواہش سے آگاہ کیا ہے۔

سلیکٹرز بابر کو یقین دلانے کی کوشش کریں گے کہ ان کو بطور کپتان مکمل اختیار دیا جائے گا۔ بابر کے قریبی ذرائع نے بورڈ کی موجودہ کمزور پوزیشن کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اپنے مطالبات پر زور دینے کا مشورہ دیا۔

تاہم، بورڈ کی جانب سے اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران کپتانی سے متعلق فیصلے کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے گذشتہ دنوں سلیکٹرز محمدیوسف، عبدالرزاق، وہاب ریاض، بلال افضل، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سلمان واہلہ سے مشاورت کی، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ بابر اعظم کو قیادت سپرد کرنے کے ٹیم پر اثرات پر تبادلہ خیال ہوا۔

واضح رہے بابر اعظم نے ابھی تک پیشکش قبول نہیں کی، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بورڈ بطور کپتان واپسی چاہتا ہے تو تینوں فارمیٹ میں ذمہ داری سونپی جائے، تاہم صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp