اگر آپ ایکس کے صارف ہیں تو آپ نے دیکھا ہوگا کہ صارفین ایک تصویر شیئر کر رہے ہیں جس پر’کلک ہیئر‘ (Click here) لکھا ہوتا ہے۔ جس کے ساتھ ایک تیر کا نشان بنا ہوتا ہے جو تصویر کی بائیں جانب نیچے کی طرف اشارہ کرتا ہے، جہاں انگریزی میں آلٹ (ALT) لکھا ہوتا ہے۔ ایکس صارف کی جانب سے دیا گیا پیغام آلٹ پر کلک کرنے کے بعد نظر آتا ہے اور یہ پیغام اس وقت تک نہیں دکھائی دیتا جب تک آپ آلٹ پر کلک نہ کریں۔
آلٹ ٹیکسٹ فیچرکی مدد سے کوئی بھی صارف تصویر شیئر کرتے وقت اس کی تفصیل لکھ سکتا ہے۔ صارفین کسی بھی تصویر کے بارے میں ایک ہزار حروف تک کا پیغام لکھ سکتے ہیں۔ اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہاں دیکھنے کے لیے کچھ نہیں ہے، سب کو اپریل فول مبارک ہو۔
کلک ہیئر کا استعمال کرتے ہوئے ایک ایکس صارف لکھتے ہیں کہ اپریل فول کے مذاق میں مت پڑیں۔ حقیقت جاننے کے لیے 2 اپریل کا انتظار کریں۔
وقاص امجد نے سیاسی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 2024 کے الیکشن میں آپ نے کس کو ووٹ دیا یہ جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔
صحافی حبیب اکرم لکھتے ہیں کہ ’کچھ کہے بغیر بہت کچھ کہنا‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا عوام کی نظر میں اڈیالہ جیل کا مکین ہی حاکم وقت اور طاقت ور ترین شخصیت ہے، یہ کسی کو برا لگے یا اچھا لیکن حقیقت یہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ایکس پر آلٹ ٹیکسٹ ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس سے پہلے سنہ 2023 میں بھی یہ ٹرینڈ کر چکا ہے۔